کورونا کی دوسری لہر کے دوران احتیاط لازمی ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد کے ذریعے اس کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے، صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران احتیاط لازمی ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد کے ذریعے اس کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے، معاشی سرگرمیوں کو متاثر کئے بغیر سمارٹ لاک ڈائون پالیسی اور صحیح وقت پر صحیح فیصلے کرنے سے کورونا کا اثر کم ہو گا، پاکستان میں الیکٹرانک ووٹنگ کا عمل رائج ہونا …

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران احتیاط لازمی ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد کے ذریعے اس کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے، معاشی سرگرمیوں کو متاثر کئے بغیر سمارٹ لاک ڈائون پالیسی اور صحیح وقت پر صحیح فیصلے کرنے سے کورونا کا اثر کم ہو گا، پاکستان میں الیکٹرانک ووٹنگ کا عمل رائج ہونا چاہیے۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کورونا امیر اور غریب میں فرق نہیں کرتا، یہ سیاستدانوں کو بھی ہوا اور عام عوام کو بھی ہوا ہے، ہم سب احتیاط کے ذریعے ہی اس وباءسے خود کو بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 کے دوران حکومت کی سمارٹ لاک ڈاﺅن پالیسی کامیاب رہی اور پوری دنیا نے پاکستان کی سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں میں کورونا وائرس کے بڑھنے کا امکان زیادہ ہے، پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن سے درخواست ہے کہ وہ اپنے جلسے موخر کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ جلسوں کے دوران جب کافی تعداد میں لوگ جمع ہوں گے تو کورونا وائرس کا پھیلائوبھی بڑھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران یہی لوگ کہتے تھے کہ سب کچھ بند کر دو اور لاک ڈائون لگا دو اور اب جب دوبارہ کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت لاک ڈائون چاہتی ہے تو یہ لوگ بات نہیں مانتے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر کے دوران لوگوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، اب بھی اسی طرح سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل شناخت ہر جگہ آ چکی ہے، الیکٹرانک ووٹنگ کے حوالے سے اسمبلی میں بحث ہونی چاہیے، الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے انتخابات میں دھاندلی کے امکانات میں کمی آئے گی۔ اپوزیشن جماعتوں کے اداروں کے خلاف بیانات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تنازع سے نقصان ہوتا ہے، اپوزیشن اور حکومت کو مذاکرات کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے جلوسوں اور احتجاج کے دوران عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، احتجاج کے دوران لوگوں کے آنے جانے کے لئے راستہ کھلا رکھنا چاہیے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے لئے سب کی رضا مندی ضروری ہے، سیاسی تنائو کو کم کرنے کے لئے انتخابی اصلاحات کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں