اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اسلامی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے منظور کی جانے والی موثر اور جامع قرار داد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قرار داد کی منظوری اور کانفرنس کے اعلامیہ میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کے تفصیلی تذکرے نے مودی حکومت کی منفی خواہشات پر …
اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ اجلاس کے اعلامیہ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے تفصیلی تذکرہ نے مودی حکومت کی منفی خواہشات پر پانی پھیر دیا ہے، صدر آزاد کشمیر

مزید خبریں
اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اسلامی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے منظور کی جانے والی موثر اور جامع قرار داد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قرار داد کی منظوری اور کانفرنس کے اعلامیہ میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کے تفصیلی تذکرے نے مودی حکومت کی منفی خواہشات پر پانی پھیر دیا ہے۔ نائیجر کے شہر نیامی میں اسلامی وزرائے خارجہ کونسل کے 47ویں اجلاس میں کشمیری وفد کی قیادت کرتے ہوئے شرکت کرنے کے بعد اسلام آباد پہنچنے پر اپنے ایک بیان میں صدر سردار مسعود خان نے اسلامی تعاون تنظیم اور اس کے تمام رکن ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی نے ہمیشہ تنازعہ کشمیر کو امت مسلمہ کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اورکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور تنظیم آج بھی اپنے اس اصولی موقف پر قائم ودائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے اعلامیہ میں بھارتی مظالم کی جو تفصیلات شامل کی گئی ہیں وہ کشمیری وفد نے اور انہوں نے کانفرنس سے اپنے خطاب میں فراہم کی تھی اور ان تفصیلات کو حتمی اعلامیہ کا حصہ بنانے پر ہم اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اور تمام رکن ممالک کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ دنیا میں مختلف علاقوں میں اسلام اور مسلمانو ں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت اور اسلامو فوبیا پر اسلامی تعاون تنظیم کی تشویش کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ہم نے اسلامی وزرائے خارجہ کو نجی طور پر اور کانفرنس سے خطاب میں یہ واضح کیا کہ اسلامو فوبیا کی سب سے بدترین شکل بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے اندر دیکھی جا سکتی ہے جہاں ہندو انتہا پسند مسلمانوں کو ان کے دین، عقیدے اور تہذیب کی وجہ سے نہ صرف حقارت سے دیکھتے ہیں بلکہ وہ پورے بھارت اور جنوبی ایشیاء سے مسلمانوں کا قلع قمع کرنے اور اسلامی تہذیب کی تمام علامتوں کو مٹانے کی منصوبہ بندی کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کے پرچارک مودی اور ان کے ہم خیال فسطائی سوچ رکھنے والوں کو مسلم دنیا کے اندر بے نقاب کرنے کی جتنی ضرورت اس وقت ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھی اور اس مقصد کے لئے پوری دنیا میں بالعموم اور مسلم دنیا میں بالخصوص ایک منظم مہم چلانے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔








