ملتان ۔5دسمبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج رضاکاروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہےاس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ رضاکار، جذبہ خدمت سے سرشار وہ مثالی لوگ ہیں جو اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر، تکلیف میں مبتلا دوسرے انسانوں کی مدد کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قدرتی آفات وسانحات میں مصیبت زدہ اور تکلیف میں مبتلا افراد کی معاونت کرنے والے یہ رضاکار قابلِ تحسین ہیں ۔کورونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران ہمارے رضاکاروں نے گرانقدر خدمات سر انجام دیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف، نوجوانوں کی جماعت کے طور پر جانی جاتی ہے میں آج کے دن کی مناسبت سے پاکستان کے نوجوانوں سے درخواست کروں گا کہ وہ بڑھ چڑھ کر رضا کارانہ سرگرمیوں میں شامل ہوں اور اس کار خیر میں اپنا کردار ادا کریں۔