پاکستان سماجی تحفظ، تخفیف غربت، ٹیکسٹائل اور ڈیری بارے دیگر ممالک کو اپنے تجربات میں شامل کرنے کے لئے تیار ہے، اقتصاد ی امور کے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):اقتصاد ی امور کے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان سماجی تحفظ، تخفیف غربت، ٹیکسٹائل، ڈیری اور دودھ کی پیداوار کے شعبوں میں دیگر ممالک کو اپنے تجربات میں شامل کرنے کے لئے تیار ہے، موجودہ حکومت احساس پروگرام کے ذریعے سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمہ کے لئے اقدامات کررہی ہے جس کا بین الاقوامی سطح پر بھی اعتراف کیا جا …

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):اقتصاد ی امور کے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان سماجی تحفظ، تخفیف غربت، ٹیکسٹائل، ڈیری اور دودھ کی پیداوار کے شعبوں میں دیگر ممالک کو اپنے تجربات میں شامل کرنے کے لئے تیار ہے، موجودہ حکومت احساس پروگرام کے ذریعے سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمہ کے لئے اقدامات کررہی ہے جس کا بین الاقوامی سطح پر بھی اعتراف کیا جا رہاہے۔ انہوں نے یہ بات اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پاکستان میپنگ ریسورس سنٹر کی رپورٹ کے اجرا کے موقع پر کہی ۔ جمعرات کو رپورٹ جاری کرنے کی آن لائن تقریب کی مشترکہ صدارت اقتصادی امور کے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اور اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر حجار نے کی۔ اس رپورٹ میں زراعت ، زراعت پر مبنی صنعت، فارماسیوٹیکلز کی صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے چاراہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں 16 پاکستانی اداروں کے پروفائل دیئے گئے ہیں جن کا متعلقہ شعبوں میں وسیع تر تجربہ ہے اور ان اداروں نے قابل اعتماد ٹیکنالوجیز کے ذریعے ایسے مہارتیں حاصل کی ہیں جن کارکن ممالک کے ساتھ تبادلہ کیا جا سکتاہے ۔ مخدوم خسرو بختیار نے اس موقع پر پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں اسلامی ترقیاتی بینک کے کردار کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے رپورٹ کی تیاری میں اسلامی ترقیاتی بینک اور پاکستانی اداروں کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ اس رپورٹ کے ذریعے ممبر ممالک متعلقہ شعبہ میں پاکستان کی مہارتوں اور تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ مخدوم خسرو بختیار نےکہا کہ پاکستان سماجی تحفظ، تخفیف غربت، ٹیکسٹائل، ڈیری اور دودھ کی پیداوار کے شعبوں میں وسیع مہارت اور تجربہ رکھتا ہے۔ سائوتھ سائوتھ تعاون کے تحت پاکستان ممبر ممالک کو اپنے تجربات میں شامل کرنا چاہتا ہے۔ اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر حجار نے پاکستا ن میں دستیاب استعداد اور مہارتوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ رکن ممالک اس سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے اثرات کو کم کرنے کے لئے رکن ممالک کو ویکسین کی خریداری اور دیگر شعبوں میں مزید 2.5 ارب ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا۔ اس موقع پر فریقین نے دو طرفہ تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔ آن لائن اجلاس میں اسلامی ترقیاتی بینک کے رکن ممالک کے عہدیداروں اور ماہرین نے بھی شرکت کی۔