نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں 5وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی ، جیکب ڈفی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

78

آکلینڈ۔18دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں 5وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے میزبان ٹیم کو مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 153رنز بناکر میچ میں کامیابی کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا جو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بعد میں 19ویں اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کیوی ٹیم کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے جیکب ڈفی کو شاندار بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم کے قائم مقام کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی طرف سے وکٹ کیپربلے باز محمد رضوان اور عبداللہ شفیق نے آغاز کیا لیکن بابراعظم کی غیر موجودگی میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا۔ عبداللہ شفیق کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے اور محمد رضوان 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے ۔ شاداب خان 42 اور فہیم اشرف 31 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔حیدر علی بھی صرف 3 رنز بناسکے ۔خوشدل شاہ نے کپتان شاداب خان کا ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کے مجموعی سکور کو آگے بڑھایا مگر خوشدل شاہ بھی 16 رنز پر ہمت ہار گئے۔ گرین شرٹس کے پانچ کھلاڑی 39 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ جانے کے بعد ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ پاکستان بمشکل 100 رنز بناسکے گا لیکن کپتان شاداب خان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے عماد اور پھر فہیم اشرف کے ساتھ اچھی شراکت قائم کی۔عماد وسیم 19 اور وہاب ریاض 9 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، کپتان شاداب خان 42 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف نے 17 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے جیکب ڈفی نے 4، سکاٹ کوگلین نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ آیش سودی کے حصے میں آئی۔نیوزی لینڈ کی طرف سے 154رنز ہدف کے تعاقب میں مارٹن گپٹل اور وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم سیفرٹ نے اننگز کا آغاز کیا، گپٹل 6 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کا شکار بن گئے جس کے بعد ڈیون کونوے بیٹنگ کیلیے آئے لیکن حارث رؤف نے انہیں بھی انفرادی 5 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔گلین فلپس اور ٹم سیفرٹ کے درمیان اچھی شراکت قائم ہوئی، فلپس 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم سیفرٹ کریز پر ڈٹے رہے اور مارک چیپمین کیساتھ ایک اور اچھی شراکت قائم کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، چیپمین 34 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ سیفرٹ نے شاندار نصف سنچری اسکور کی، وہ 57 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔یوں نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کی۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے حارث رؤف نے 3 اور شاہین آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔جیکب ڈفی کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔