ملک بھر میں عربی زبان کی ترویج و اشاعت کیلئے عربی لینگویج سینٹرز کھولے جائیں گے،محمد طاہر محمود اشرفی

76

لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں عربی زبان کی ترویج و اشاعت کیلئے عربی لینگویج سینٹرز کھولے جائیں گے۔ سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی اداروں میں عربی زبان کی ترویج و اشاعت کیلئے خصوصی کوشش کی جائے گی۔ نوجوان نسل کو عربی زبان سیکھنی چاہیے تا کہ ان کو قرآن و سنت کی تعلیمات سے واقفیت ہو اور وہ دین اسلام کی حقیقی روح کو سمجھ سکیں۔ بحریہ ٹائون لاہور کی انتظامیہ اور دارالافتاپاکستان کے تحت عربی زبان کی ترویج و اشاعت کیلئے سینٹر کھولا جائے گا۔ پاکستان سے نہ کوئی اسرائیل گیا ہے اور نہ ہمیں اس کی ضرورت ہے۔ حزب اختلاف کے قائدین کو فلسطین کے مسئلہ پر تہمتیں لگانے کی بجائے امت کے اجتماعی مسئلے کو انتشار کا ذریعہ بنانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ حزب اختلاف کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں انتہا پسندی ، دہشت گردی ، فرقہ وارانہ تشدد ، کرپشن کے خاتمے اور پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے قدم بڑھائیں۔ پاکستان دشمن قوتیں فلسطین کے مسئلے پر امت میں تقسیم چاہتی ہیں۔ پاکستان اور اسلامی عرب ممالک کے حوالے سے کیا جانے والا بے بنیاد پراپیگنڈہ کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے گرینڈ جامعہ مسجد بحریہ ٹاﺅن لاہورمیں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں عربی زبان کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ رسول اللہ کی زبان عربی تھی ۔ قرآن عربی میں ہے اور جنت کی زبان عربی ہو گی لہذا اگر ہم عربی زبان کو سمجھیں اور عربی زبان کا فہم اور ادراک کر لیں تو کوئی ہمیں دین اسلام کے نام پر گمراہ نہیں کر سکتا۔ عربی زبان کی ترویج و اشاعت سے انتہا پسندی کا خاتمہ ہو گا اور انتہا پسند اور دہشت گردگروپ جو اپنی خواہشات کو دین کانام دیتے ہیں ان کے عزائم اور افکار سمجھنے میں نوجوان نسل کو کامیابی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام غیر سرکاری تعلیمی اداروں سے بات کریں گے کہ وہ اپنے کالجز اور یونیورسٹیوں میں عربی لینگویج کیلئے سینٹرز قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ نوجوان نسل کو حقیقی اسلامی تعلیمات سے روشناس کرایا جائے اور اسی لیے ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں رسول اللہ کی سیرت پر پی ایچ ڈی کروائی جا رہیں اور سیرت چیئر رکھی گئی ہیں ۔ سیرت کے حوالے سے لٹریچر کی اشاعت کا کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسند اور دہشت گرد عناصر نے اسلام کے نام پر انتہا پسندی اور دہشت گردی پھیلانے والوں نے مسلم نوجوانوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جسے ہم سب نے مل کر ناکام بنانا ہے۔ اجتماع کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی قائدین سے اپیل کرتے ہیں کہ مشترکہ مسائل پر سیاست نہ کریں۔کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے مشترکہ مسائل ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور عوام اہل فلسطین اور کشمیر کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ان لوگوں کو بھی فلسطین یاد آ گیا جن کی زبانوں سے کبھی لفظ فلسطین نہیں نکلا تھا۔وزیر اعظم عمران خان کی بدولت سے آج وہ بھی فلسطین کا ذکر کررہے ہیں جو اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ پاکستان سے کوئی اسرائیل نہیں گیا ۔اگر حزب اختلاف کے پاس کوئی شواہد ہیں تو وہ پیش کرے ۔ کیا حزب اختلاف کی دو بڑی جماعتوں کے بارے میں جو کہا گیا کہ ماضی میں وہ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کی کوششیں کرتی رہی کیا اس کا بھی کوئی جواب دے گا۔