اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سائنسی تحقیقات کے شفاف اعداد و شمار پر مبنی کورونا سے بچائو کی ویکسین درآمد کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے …
کورونا وائرس کی ویکسین کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سائنسی تحقیقات کے شفاف اعداد و شمار پر مبنی کورونا سے بچائو کی ویکسین درآمد کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی چھ بڑی دوا ساز کمپنیاں کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے میں سرفہرست ہیں لیکن جو کمپنی سائنسی تحقیق کے معیار پر پورا اترے گی اسی کمپنی سے ویکسین حاصل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر کمپنی کی تحقیق و تجربات سے یہ بات ثابت ہوگی کہ تیار شدہ ویکسین نہ صرف محفوظ ہے بلکہ کارآمد بھی ہے تو پھر ہی وہ ویکسین درآمد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کم قیمت اور معیاری ویکسین فراہم کرنا ایک اہم ہدف ہے تاہم کم قیمت کے بجائے مکمل طور پر محفوظ ویکسین درآمد کرنا زیادہ ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ویکسین کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وائرس میں بھی بدلائو آ رہا ہے، ایسی صورتحال میں وہی ویکسین زیادہ کارآمد ہوگی جو بیماری پر مکمل کنٹرول حاصل کر سکے۔








