فوج جمہوریت کے ساتھ ہے، مریم نواز کا سارا رونا دھونا اقتدار سے محرومی کا نتیجہ ہے، اداروں پر بے جا الزامات عائد کرنے والوں کو بتائیں گے حکومتی رٹ کیا ہوتی ہے، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس

98

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اداروں پر بے جا الزامات عائد کرنے والوں کو الٹا لٹکائیں گے اور انہیں بتائیں گے کہ حکومتی رٹ کیا ہوتی ہے، فوج اپنے پیشہ وارانہ امور پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور جمہوریت کے ساتھ ہے، اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، زرداری (ن) لیگ کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اور سینٹ الیکشن میں حصہ لیں گے، مریم نواز نے اقتدار سے محرومی کے بعد سے واویلا مچایا ہوا ہے، وہ کس حیثیت سے ارکان اسمبلی سے استعفے مانگ رہی ہیں، نواز شریف جنرل جیلانی کی پیداوار ہیں، بے نظیر بھٹو کی کردار کشی کرتے رہے، آج ہم پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وفاقی وزراسینیٹر شبلی فراز اور فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ مریم نواز اقتدار کی بھوکی ہیں اور ان کا سارا رونا دھونا اور فرسٹریشن اقتدار سے محرومی کا نتیجہ ہے، انہوں نے کل جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جھوٹ اور فریب سے کام لیا، جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی اہلیت کیا ہے کہ 65، 65، 70، 70 سال کے لوگ ان کے پیچھے ملازموں اور کنیزوں کی طرح ہاتھ باندھے کھڑے ہوتے ہیں، کس منہ سے وہ اپنے لوگوں سے استعفے مانگ رہی ہیں ان کی حیثیت کیا ہے جبکہ پارٹی صدر ان کے چچا ہیں، کیا ان کی پارٹی کے ارکان ان کے پیدائشی ملازم ہیں، اگر وہ سمجھتی ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی یا چوری ہوئی ہے تو ثبوت کیوں نہیں پیش کرتیں، مسلم لیگ (ن) عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں کیوں نہیں گئی، دھاندلی کے خلاف کسی بھی فورم سے رجوع کیوں نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کے پاس کوئی جواب نہیں ہے، پاناما میں اپنی صفائی میں یہ کچھ بھی کہنے کے قابل نہیں تھیں، بے شرمی اور ڈھٹائی کے ساتھ اس فوج پر تنقید کی جا رہی ہے جو ہماری محافظ ہے اور اگلے مورچوں پر ہمارے جوان سینوں پر گولیاںکھا رہے ہیں، یہ پی ٹی آئی پر الزام لگانے سے پہلے سوچا کریں کہ خود یہ جنرل جیلانی کی پیداوار ہیں، ان کے والد نواز شریف بھگوڑے، مفرور، سزا یافتہ اور اشتہاری ہیں اور پاکستان واپس آنے سے انکاری ہیں، ان کے سمدھی، سمدھی کا داماد اور اولادیں بھی ملک سے باہر ہیں اور عدالتوں سے بھاگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج جمہوری قوتوں کے ساتھ ہے اور اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے خود آرمی چیف لگایا اور توسیع دینے کی بھی حمایت کی، اب کس منہ سے یہ اعتراضات اٹھا رہے ہیں جبکہ فوج اپنے پیشہ وارانہ امور پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، یہ بے شرمی کی حد ہے کہ میثاق جمہوریت کے بعد بھی پیپلز پارٹی کو دھوکہ دیتے رہے، انہوں نے ماضی میں بے نظیر بھٹو کی کردار کشی کی، ان کے خلاف جہازوں سے پملفٹ گرائے گئے، محترمہ بے نظیر بھٹو دلیر، پڑھی لکھی اور جمہوریت پسند خاتون تھیں جبکہ مریم نواز ہر کالج سے نکالی گئیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کراچی میں ہم پر حملہ ہوا، اپنے شوہر کا نام تک لینا گوارا نہ کیا، وہ معیشت کی بات کرتی ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی لحاظ سے مستحکم ہو رہا ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر میں اس وقت صورتحال یہ ہے کہ لیبر ملنا مشکل ہو گئی ہے، کار مینوفیکچرنگ، سیمنٹ سمیت ملکی صنعتیں ترقی کر رہی ہیں، بینک منافع کما رہے ہیں، ہم نے اداروں میں اپنے لوگ بھرتی نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری سمجھدار ہیں، انہوں نے واضح کر دیا ہے کہ وہ استعفے نہیں دیں گے اور مریم اور ان کے والد کا خواب پورا نہیں ہو گا، پیپلز پارٹی سینٹ الیکشن میں حصہ لے گی، انہوں نے فضل الرحمن کو بلانا بھی مناسب نہیں سمجھا کیونکہ مولانا فضل الرحمن سندھ میں اپنے لوگوں کیلئے ان سے رعایتیں مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف باتیں کرنے والوں کو ہم الٹا لٹکائیں گے اور بتائیں گے کہ حکومتی رٹ کیا ہوتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امریکہ جانے دیا گیا۔