وزیراعظم عمران خان سے ازبکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ کی ملاقات

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی نمو اور ترقی کیلئے علاقائی رابطوں کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور بحرہند تک رسائی کیلئے وسطی ایشیائی ممالک پاکستانی بندرگاہوں کے بڑے موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں …

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی نمو اور ترقی کیلئے علاقائی رابطوں کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور بحرہند تک رسائی کیلئے وسطی ایشیائی ممالک پاکستانی بندرگاہوں کے بڑے موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ازبکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ میخوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی رابطے اور خطہ میں امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے ازبکستان کے ساتھ مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافتی روابط پر مبنی برادرانہ تعلقات ہیں اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف کے ساتھ اپنی گذشتہ ملاقات کا ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان ان کے دورہ کا منتظر ہے۔ وزیراعظم نے اقتصادی نمو اور علاقہ کی ترقی کیلئے علاقائی رابطوں کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی بندرگاہیں بحرہند تک رسائی کیلئے وسطی ایشیائی ممالک کو ایک بڑا موقع فراہم کرتی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور ازبکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے مزار شریف۔کابل۔پشاور ٹرانس افغان ریلوے لائن منصوبہ کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے سربراہان مملکت و حکومت کی طرف سے مختلف بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے سربراہوں کو تحریر کردہ مشترکہ اپیل کے خط پر دستخطوں کے ذریعے منصوبہ کیلئے مالی معاونت کے حوالہ سے ازبکستان کی کوششوں کی حمایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ طویل عرصہ سے یہ کہتے رہے ہیں کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے افغان امن عمل کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ ایک جامع اور وسیع البنیاد سیاسی حل سے پائیدار امن و استحکام کے قیام میں مدد ملے گی اور ترقی و خوشحالی کیلئے علاقائی رابطے کو فروغ حاصل ہو گا۔ ازبکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے وزیراعظم کو ازبک صدر کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ ازبکستان کے صدر پاکستان کے جلد دورہ کے خواہاں ہیں۔ ازبکستان کے صدر کی طرف سے انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو بھی ازبکستان کے دورہ کی دعوت دی اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات اور رابطہ کے فروغ کے حوالہ سے ازبکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ ازبکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے وسطی ایشیاءسے پاکستانی بندرگاہوں تک ریلوے اور سڑکوں کے شعبوں میں تعاون کیلئے اسلام آباد کا ایک روزہ دورہ کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود بھی موجود تھے۔