اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):گزشتہ 10 سال کے دوران چین نے پاکستان میں 5399 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ( ایف ڈی آئی ) کی ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں جولائی تا مارچ 21-2020 کے دوران پاکستان میں کی جانے والی 650.8 ملین ڈالر سرمایہ کاری کے ساتھ چین سر فہرست ہے۔
سرمایہ کاری بورڈ ( بی او آئی) کے اعدادوشمار کے مطابق چین کی جانب سے مالی سال 18-2017 کے دوران سرمایہ کاری کا حجم 1311.9 ملین ڈالر رہا۔ جبکہ مالی سال 16-2015 کے دوران چین کے سرمایہ کاروں کی طرف سے پاکستان میں 1048.3 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 11-2010 میں چینی سرمایہ کاروں نے ملک میں 47.4 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی تھی ۔
مالی سال 12-2011 میں چین کی پاکستان میں ایف ڈی آئی کا حجم 126.1 ملین ڈالررہا۔ مالی سال 13-2012 میں چین کی ایف ڈی آئی 90.6 ملین ڈالر رہی تھی جو آئندہ مالی سال 14-2013 کے دوران 685.8 ملین ڈالر تک پہنچ گئی اور مالی سال 15-2014 میں پاکستان میں چین کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 340.8 ملین ڈالر رہا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 16-2015 میں چین کی ایف ڈی آئی کا حجم 1048.3 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ۔
مالی سال 17-2016 کے دوران چین کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں 763.2 ملین ڈالر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی جو مالی سال 18-2017 کےلئے 1311.9 ملین ڈالر کی سطح تک بڑھ گئی۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 19-2018 میں چین کی ایف ڈی آئی کا حجم 130.8 ملین ڈالر رہا تھا جو گزشتہ مالی سال 20-2019 کے دوران 844.1 ملین ڈالر تک بڑھ گیا اور جاری مالی سال 21-2020 کے پہلے 9 ماہ کے دوران پاکستان میں 650.8 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کے ساتھ چین پہلے نمبر پر ہے۔