اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 15 اکتوبر 2021 تک ریکارڈ انکم ٹیکس گوشوارے وصول کئے ہیں۔ ترجمان ایف بی آر نے کہا ہے کہ 15 ایام کی توسیع رات 12 بجے اختتام پذیر ہونے کے بعد ایف بی آر نے 26 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے وصول کر لئے اور گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 48.6 ارب روپے اکھٹا ہوا جبکہ پچھلے ٹیکس سال آخری تاریخ 8 دسمبر 2020 تک 18 لاکھ ٹیکس گوشوارے وصول ہوئے تھے اور ان کے ساتھ 29.6 ارب روپے کا ٹیکس حاصل ہوا تھا۔ اس طرح ٹیکس گوشوارے داخل کرنے میں 45 فیصد اضافہ اور گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس میں 64 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کی ایف بی آر نے پچھلے سال 15 اکتوبر 2020 تک صرف 5 لاکھ گوشوارے وصول کئے اور ان کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 9.8 ارب روپے رہا۔ اس طرح اس سال پچھلے سال کے مقابلے میں وصول کردہ گوشواروں اور ٹیکس میں پانچ گنا اضافہ حاصل ہوا ہے۔ ایف بی آر پچھلے پورے ٹیکس سال 30 جون 2021 میں وصول کردہ 30 لاکھ گوشواروں اور ادا شدہ ٹیکس 54.7 ارب روپے کے بہت قریب پہنچ چکا ہے۔
یہ شاندار کارکردگی بہترین حکمت عملی اور جامع پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اشتہاری مہم کے باعث ممکن ہوئی ہے۔ اشتہاری مہم کے ساتھ ساتھ قومی ہیروز اور ممتاز شخصیات کے پیغامات کی صورت میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز نے کیمپین کو موثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایف بی آر نے پہلی مرتبہ تمام سیلولر کمپنیوں کے تعاون سے ان کے مشترکہ 128.6ملین صارفین کو ٹیکس گوشوارے بر وقت جمع کروانے کے ایس ایم ایس بھی بھجوائے۔ معروف کالم نگاروں اور ادیبوں نے اپنی تحریروں کے ذریعے ٹیکس کلچر کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔