ابوظہبی۔29نومبر (اے پی پی):ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں ایک دن آرام کے بعد یکم دسمبر کو مزید 2 میچوں کا فیصلہ ہو گا۔ امارات کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام کرکٹ کے تیز ترین فارمیٹ ابوظہبی لیگ ٹی 10 لیگ کے دلچسپ مقابلے یو اے ای میں جاری ہیں۔ ٹورنامنٹ میں کل منگل کو کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا ، آرام کا دن ہے ۔
یکم دسمبر کو پہلا میچدکن گلیڈی ایٹرز اور بنگلہ ٹائیگرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں چنائی بریوز اور دہلی بلز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں میچز شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ، ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ 4دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت 35 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں شامل 6 ٹیموں میں دفاعی چیمپئن ناردرن واریئرز، دکن گلیڈی ایٹرز، دہلی بلز ، بنگلہ ٹائیگرز ، چنائی بریوز اور ٹیم ابوظہبی شامل ہیں۔