واشنگٹن۔24دسمبر (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ نے کووڈ۔19 سے شدید متاثر ہونے والے ممالک کے لیے ہنگامی فنڈنگ کو مزید 18 ماہ کی توسیع پر اتفاق کیاہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے اپنی حالیہ میٹنگ میں ہنگامی فنڈنگ کے تحت مجموعی رسائی کی حدوں میں جون 2023 تک اسے عارضی طورپر بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے غریب ممالک کے لیے قرضوں میں مزید ریلیف کی منظوری دی تھی ۔ جس کے تحت 25 ممالک کو سی سی آر ٹی ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ کے تحت جنوری سے اپریل 2022 تک مجموعی طور پر 115 ملین ڈالر کا ریلیف دیا جائے گا،
اس فنڈ کے تحت ایسے غریب ترین ممالک کو قرضے فراہم کیے جاتے ہیں جو قدرتی آفات سے متاثر ہوئے ہوں یا صحت کے حوالے سے بحران کا شکار ہوں۔ آئی ایم ایف کے مطابق قرضوں میں ریلیف دینے کا یہ پانچواں اور آخری مرحلہ ہے۔