اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفیر افضل محمود نے کہا ہے کہ دبئی ایکسپو کے موقع پر سرکاری و نجی پاکستانی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کے متعدد معاہدے کیے ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2021 میں دبئی ایکسپو 2020 کے آغاز کے بعد سے سرکاری اور نجی شعبے کی پاکستانی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کے درجنوں معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ …
دبئی ایکسپو کے موقع پر سرکاری و نجی پاکستانی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کے متعدد معاہدے کیے ہیں، پاکستانی سفیر افضل محمود کا انٹرویو

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفیر افضل محمود نے کہا ہے کہ دبئی ایکسپو کے موقع پر سرکاری و نجی پاکستانی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کے متعدد معاہدے کیے ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2021 میں دبئی ایکسپو 2020 کے آغاز کے بعد سے سرکاری اور نجی شعبے کی پاکستانی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کے درجنوں معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان سمیت تقریباً 200 ممالک کے نمائش کنندگان اس میگا ایونٹ میں شریک ہیں جو کہ کورونا وائرس کی وبا کے بعد سے پہلی بڑی عالمی تقریب ہے، پاکستان پویلین کا باضابطہ افتتاح صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 9 اکتوبر 2021کو کیا تھا، ایکسپو یکم اکتوبر 2021کو شروع ہوئی تھی اور 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک، انفراسٹرکچر، ہاوسنگ، واٹر مینجمنٹ، ویسٹ مینجمنٹ، گڈز اینڈ سروسز میں تجارت کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے لیے درجنوں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جا چکے ہیں،
ہر ماہ ایک نیا پاکستانی صوبہ یا خطہ پویلین میں توجہ کا مرکز ہو تا ہے جوپاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرتا ہے،پویلین میں سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجودسرمایہ کاری کے مختلف مواقع کے بارے میں رہنمائی بھی فراہم کی جاتی ہے۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو انفراسٹرکچر، توانائی، مینوفیکچرنگ، ہاوسنگ اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کر رہی ہیں،پاکستانی سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور روابط بڑھانے کے لئے کاروباری برادری سے رابطہ کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ ماہ صوبہ سندھ کی حکومت نے دبئی میں سندھ انویسٹمنٹ کانفرنس میں مختلف سرمایہ کاروں کے ساتھ چھ معاہدوں پر دستخط کیے تھے،
دبئی میں تیل اور گیس کی ایک بڑی کمپنی برادر گیس یو اے ای نے بھی فیصل آباد میں خصوصی اقتصادی زون میں بوٹلنگ پلانٹ لگانے کے لیے 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ بلوچستان، پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے ایکسپو 2020 کے موقع پر تاجر برادری کو راغب کرنے کے لیے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتیں ایکسپو کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں، سی پیک کے تحت تیار کیے جانے والے خصوصی اقتصادی اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز کے ذریعے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے خصوصی پیشکشوں پر غور کیا جا رہا ہے۔








