پاکستان کے ساتھ تعلیم سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری و تعاون کوفروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ترک سفیر

378

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):پاکستان میں ترکی کے سفیر احسن مصطفیٰ یرداکل نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی برادر اسلامی ملک ہیں، ترکی، پاکستان کے ساتھ تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری و تعاون کوفروغ دینے کا خواہاں ہے۔ ترک سفیر احسن مصطفیٰ یرداکل نے جمعرات کوترکی کے تعاون سے قائداعظم یونیورسٹی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز میں قائم کئے گئے انکیوبیشن سنٹر، یونیورسٹی کی سنٹرل لائبریری میں سکیننگ سنٹر، بوائز اینڈ گرلز ہاسٹلز میں کمپیوٹر لیبز کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اورترکی برادر اسلامی ملک ہیں، ترکی تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری و تعاون کومزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے مجھے خوشی ہو رہی ہے کیونکہ یہ سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل کیلئے ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوںممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کا سلسلہ جاری ہے اور ہم اس کو مزید فروغ دیں گے۔

اس موقع پر قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ پاکستان کے تمام اسلامی ممالک کے ساتھ خصوصی تعلقات ہیں اور بڑے اسلامی ممالک مختلف شعبوں میں پاکستان سے تعاون کررہے ہیں، پاکستان کے عوام ترکی سے خصوصی محبت کرتے ہیں۔ترکی کی جانب سے یونیورسٹی کو انکیوبیشن سنٹر ، سکیننگ سنٹر اورکمپیوٹو لیبز کی شکل میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید مضبوطی پیدا ہوگی۔

انہوں نے ترکی کے تعاون سے فراہم کی جانے والی سہولیات پر ترک سفیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ترک سفارتخانے کے عملہ اور ان کے بچے جو قائداعظم یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنا چاہیں ، ان کو داخلوں میں خصوصی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ اگر ترکی سے کوئی بھی طالب علم یہاں داخلہ لیناچاہے تو یونیورسٹی ان کیلئے خصوصی سیٹیں مختص کرے گی۔اس موقع پر ترکی کے سفیر کو یونیورسٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔