ایرانی دارلحکومت تہران میں پاکستانی چاول کا فیسٹیول،دونوں ملکوں کے حکام و تاجر نمائندوں کی شرکت

تہران۔28جولائی (اے پی پی):ایران کے دارلحکومت تہران میں پاکستانی سفارتخانے نے رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان کے تعاون سے ملکی چاول کے فیسٹیول کا انعقاد کیا۔ ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق تہران کے سپیناس گرینڈ ہوٹل میں منعقد ہونے والےاس فیسٹیول میں ایران کے حکام ،پاکستان کے سفارتکار، چاول درآمد کرنے والے ایرانی تاجر اور پاکستان کی تاجر برادری کے افراد شریک تھے۔ اس موقع پر ایران کی …

تہران۔28جولائی (اے پی پی):ایران کے دارلحکومت تہران میں پاکستانی سفارتخانے نے رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان کے تعاون سے ملکی چاول کے فیسٹیول کا انعقاد کیا۔ ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق تہران کے سپیناس گرینڈ ہوٹل میں منعقد ہونے والےاس فیسٹیول میں ایران کے حکام ،پاکستان کے سفارتکار، چاول درآمد کرنے والے ایرانی تاجر اور پاکستان کی تاجر برادری کے افراد شریک تھے۔

اس موقع پر ایران کی وزارت برائے زرعی جہاد میں شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر جنرل ہومن فتحی نے چاول کے پاکستانی برآمد کنندگان کا خیرمقدم کیا۔پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان خصوصاً نجی شعبے میں تجارتی لین دین کے فروغ اور اس کے حجم کے سالانہ پانچ ارب ڈالر تک پہنچنے کے ہدف کا ذکر کیا۔

فیسٹیول کی خصوصی تقریب میں پاکستانی چاول برآمد کرنے والوں کی تنظیم کے سربراہ علی حسام اصغر نے چاول کی ایران کو برآمد کی گنجائش کا ذکر کیا اور کہا کہ اس وقت ایرانی مارکیٹ میں ہمارے چاول کا حصہ 30 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی چاول اچھے معیار کا حامل ہے جس کے باعث خطے میں اس کی ڈیمانڈ بڑھتی جا رہی ہے۔فیسٹیول کے موقع پر دونوں ممالک کی تاجر برادری نےاقتصادی لین دین میں اضافے کے ساتھ ساتھ بارٹر ٹرید کی اہمیت اور اس کے فروغ پر بھی زور دیا۔

 

مزید خبریں