اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):تاجر برادری نے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک کو زندگی بھر کارپوریٹ سیکٹر اور بزنس کمیونٹی کیلئے بے مثال اور بے لوث خدمات کے اعتراف میں ”لاہور چیمبر سنچری گولڈ میڈل“ سے نوازے جانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
بدھ کو اپنے مبارکباد کے پیغامات میں ایف پی سی سی آئی میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے صدر زبیر طفیل، سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدور تنویر احمد شیخ، رئوف عالم، زبیر احمد ملک، میاں محمد ادریس، غضنفر بلور، شیخ محمد آصف، شہزاد علی ملک اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ انہیں اپنے قائد افتخار علی ملک پر فخر ہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کاروباری برادری کے لیے زندگی بھر بے مثال خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں وزیراعظم کی جانب سے گولڈ میڈل دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ گولڈ میڈل افتخار علی ملک کی صدر لاہور چیمبر، صدر ایف پی سی سی آئی اور صدر سارک چیمبر کی حیثیت سے ہر سطح پر بزنس کمیونٹی کی بے مثال خدمت اور ان کے مفادات کے کامیابی سے تحفظ کا اعتراف ہے۔ ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے تاجر رہنمائوں نے کہا کہ افتخار علی ملک نے ایف پی سی سی آئی اور سارک چیمبر، لاہور چیمبر کے ملحقہ احاطے اور ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس اسلام آباد کی عمارتیں تعمیر کروائیں جو ان کے اخراجات کو پورا کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افتخار نے آج تک قومی اور بین الاقوامی دوروں کے دوران ایک پیسہ بھی مراعات، الائونس، سفری یا رہائشی اخراجات کی مد میں وصول کیا نہ اس مد میں کوئی فائدہ اٹھایا بلکہ اپنی جیب سے ادائیگی کی اور نہ ہی انہوں نے اپنے کاروبار کے لیے حکومت کی طرف سے کوئی مفاد لیا۔
افتخار علی ملک پاکستان میں سب سے سینئر تاجر رہنما ہیں اور لاہور چیمبر کے فائونڈر گروپ کے چیئرمین اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے بانی ہیں اور انہیں ملک بھر کے چیمبرز اور تاجر تنظیموں کی اکثریت کا اعتماد حاصل ہے۔