فیصل آباد۔17اگست (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر عاطف منیر شیخ نے کہا ہے کہ ساڑھے 11 لاکھ افراد ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ ہیں، اس شعبے کے صنعتکاروں نے اپنے یونٹس میں توسیع کیلئے 400ارب ڈالر کی مشینری درآمد کرنے کے آرڈر دے رکھے ہیں جس میں سے کچھ مشینری راستے میں ہے اور کچھ پورٹ پر پہنچ چکی ہے مگر یہ عمل سست روی کا شکار ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور کے مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکا سے خطاب میں عاطف منیر شیخ نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے اس لئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی پیشکش پر سب جماعتوں کو میثاق جمہوریت کی طرز پر میثاق معیشت پر بھی دستخط کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر غیر سیاسی ادارہ ہے جس کا کام حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان رابطوں کو مستحکم کرنا، درآمدات کے متبادل اور نئی صنعتوں کے قیام کیلئے عملی جدوجہد کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر نے کورونا کے بعد دوسرے ملکوں کیلئے تجارتی وفود بھیجنے اور سنگل کنٹری نمائشوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے اور ابھی حال میں ہی 2وفود سپین اور یو کے سے واپس آئے ہیں۔
کپاس کی پیداوار میں کمی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اب ہمیں اپنی ضروریات کیلئے 32،33فیصد کپاس یا یارن درآمد کرنا پڑ رہا ہے جس پر ڈیوٹی کی وجہ سے پیداواری لاگت بڑھ جاتی ہے اس لئے ہمیں کپاس کی پیداوار میں اضافے پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔