فیصل آباد میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ماڈل پر عالمی معیار کی میڈیکل یونیورسٹی اورہسپتال تعمیر کرنا چاہتے ہیں،چوہدری اسلم

73

فیصل آباد۔17اگست (اے پی پی):مانچسٹر میں مقیم ممتاز اوورسیزپاکستانی،سابق امیدوارمیٹرو میئرمانچسٹر وکاروباری، سیاسی،سماجی شخصیت چوہدری محمد اسلم نے کہا کہ وہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعاون سے فیصل آباد میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ماڈل پر عالمی معیار کی میڈیکل یونیورسٹی اورہسپتال تعمیر کرنا چاہتے ہیں جبکہ وہ مانچسٹر کے علاوہ برمنگھم اوربرطانیہ کے دیگر علاقوں میں مقیم پاکستانیوں سے رابطہ کر کے انہیں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری اور درآمدات دوسرے ملکوں کی بجائے پاکستان سے منگوانے کی ترغیب دیں گے جس کیلئے انہیں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعاون درکار ہوگا۔

فیصل آبادآمد کے موقع پر ایوان صنعت و تجارت کے صدر عاطف منیر شیخ سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو وطن عزیز میں سرمایہ کاری اور بڑے پیمانے پر فلاحی منصوبے چلانے کیلئے ہر ممکن سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔انہوں نے فیصل آباد کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ فیڈمک کے زیر اہتمام 3سٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹریل اسٹیٹس قائم ہیں جہاں بہت سے ادارے غیر ملکی سرمایہ کاری سے چل رہے ہیں جبکہ مزید 35کمپنیاں بھی یہاں اپنے یونٹ قائم کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مانچسٹر میں مقیم پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ یہاں سرمایہ کاری کریں اور درآمدات کیلئے دوسرے ملکوں کی بجائے پاکستان کو ترجیح دیں۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ جانے والے فیصل آبا د چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے وفود مانچسٹر کا بھی دورہ کریں گے تاکہ بی ٹو بی میٹنگز کے ذریعے نئی سرمایہ کاری کی راہیں کھولی جا سکیں۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ وطن عزیز کیلئے ترسیلات زر بھیجنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے پرامن تشخص کو بھی نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے چوہدری اسلم کی طرف سے فیصل آباد میں میڈیکل یونیورسٹی اور عالمی معیار کا ہسپتال بنانے کی تجویز کو سراہا اور کہا کہ وہ اس سلسلہ میں حکومت سے رابطہ کریں گے تاکہ اس مقصد کیلئے جلد سرکاری زمین حاصل کی جا سکے۔ اس موقع پر سابق صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں، سابق نائب صدر ایوب اسلم منج، ابرار احمد اور دیگر سرکردہ شخصیات بھی موجود تھیں۔