وفاقی وزیر تجارت کی زیر صدارت اجلاس، ٹماٹر اور پیاز کی رعایتی نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے بارے اقدامات پر غور کیا گیا

211

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت نوید قمر کی زیر صدارت ملک میں ٹماٹر اور پیاز کی دستیابی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ تین ماہ میں ملک کو ان دونوں اشیا کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،حالیہ سیلاب نے فصلوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے جس کے نتیجے میں ان اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور ان کی قلت متوقع ہے۔

اجلاس کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ٹماٹر اور پیاز کی درآمد سے اشیاء کی قیمتوں میں استحکام اور مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کو مزید آسان بنانے کے لیے وزارت تجارت، وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق اور ایف بی آر مل کر کام کریں گے۔

مزید برآں، وہ مارکیٹ میں اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ صورت حال کی نگرانی کریں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پرائیویٹ سیکٹر دونوں اشیاء کو سپلائی اور درآمد کرتا ہے۔مزید برآں، اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ایک تجویز پیش کی جائے گی کہ ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر لیویز اور ڈیوٹیز میں چھوٹ کی اجازت دی جائے، تاکہ یہ اشیا کم قیمت پر مارکیٹ میں دستیاب ہوں۔

اجلاس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ ایران اور افغانستان سے درآمدات سے زرمبادلہ پر کم سے کم اثر پڑے گاکیونکہ ان ممالک کے ساتھ تجارت پر خصوصی انتظامات موجود ہیں ۔وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے کہا کہ ٹماٹر اور پیاز کی صارفین کو دستیابی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور ان کی قیمتوں میں استحکام کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔

تجارتی مشیروں اور تجارتی اتاشیوں کے ذریعے وزارت تجارت کم سے کم وقت میں انتظامات کرنے کے لیے بیرون ملک غیر ملکی حکومتوں سے رابطے میں ہے۔ وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ملک میں غذائی تحفظ کی صورتحال کی نگرانی جاری رکھے گی اور ملک میں خوراک کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔