اسٹیٹ بینک نے ریئل اسٹیٹ ڈیٹا کو استعمال کرنے کے لیےزمین ڈاٹ کام کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے

219
بینکوں کی جانب سے پرسنل لونز کے اجراء میں اگست کے دوران سالانہ بنیادوں پرکمی ریکارڈ

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):اسٹیٹ بینک نے ریئل اسٹیٹ ڈیٹا کو استعمال کرنے کے لیےزمین ڈاٹ کام کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ بینک دولت پاکستان اور زمین ڈاٹ کام کے حکام نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس ایم او یو کے تحت زمین ڈاٹ کام ملک کے شہری علاقوں کی رہائشی اور تجارتی املاک کی قیمتوں اور کرایوں وغیرہ کے بارے میں ڈیٹا اسٹیٹ بینک کو فراہم کرے گا۔

اسٹیٹ بینک اس ڈیٹا کو مکانات کی قیمتوں کے تجزیے اور متعلقہ اشاریوں کی تیاری کے ساتھ اس معلومات کو اپنی مطبوعات، ورکنگ پیپرز اور رپورٹس میں بھی استعمال کرے گا۔ مکان کی مجموعی قیمت اور کرایوں کے گذشتہ چار برسوں کے اشاریے بھی اسٹیٹ بینک کے پورٹل ایزی ڈیٹا پر دستیاب ہوں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی گورنر (پالیسی) ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے زمین ڈاٹ کام کے ساتھ ایم او یو پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کی محدود دستیابی سمیت متعدد عوامل کی وجہ سے پاکستان میں ریئل اسٹیٹ کے شعبے پر بہت کم تحقیق کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریئل اسٹیٹ شعبے میں قیمتوں کے رجحانات پر قابل بھروسہ معلومات کی عدم موجودگی میں گھرانوں کے اثاثے مختص کرنے کے فیصلوں کو سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کے درمیان ایم ا و یو سے اس کمی کو پورا کرنے میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔ زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان نے اپنے خیالات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ باخبر فیصلے کرنے اور مؤثر پالیسیاں تشکیل دینے میں اعانت کے لیے قابل قدر ڈیٹا کی فراہمی میں اسٹیٹ بینک کے ساتھ شراکت داری پر انہیں بے حد خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک کے ساتھ اشتراک اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کی ریئل اسٹیٹ کی صنعت کو ڈجیٹل بنانے اور بدلنے کے لیے Zameen.com جو کام کر رہا ہے وہ کتنا مفید ہے۔