لاہور۔10ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپٹما کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ہر ممکن سپورٹ کرے گی۔وہ ہفتہ کے روز اپٹما اراکین سے بات چیت کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور چیئرمین ایف بی آر بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ گورنر سٹیٹ بنک کراچی سے آن لائن شریک ہوئے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت آئندہ موسم سرما میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کئی ایک اقدامات حکومت کے زیر غور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں سندھ اور پنجاب کی ٹیکسٹائل ملوں کے لئے قیمت کے فرق کو اگلے ہفتے ختم کردیا جائے گا۔ انہوں نے گونر سٹیٹ بنک سے کہا کہ وہ اگلے ہفتے اپٹما کا دورہ کر کے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو قرضوں کی فراہمی سے متعلق شکایات کا ازالہ کریں۔
اس موقع پر اپٹما کے سرپرست اعلی ڈاکٹر گوہر اعجاز، چیئرمین اپٹما عبد الرحیم ناصر اور چیئرمین نارتھ زون حامد زمان نے انڈسٹری کو درپیش مسائل سے وفاقی وزیر کو آگاہی دی۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے وزیر خزانہ کی اپیل پر اپٹما کی جانب سے ایک سو کروڑ روپے کے راشن بیگ سیلاب زدگان کے لئے وفاقی حکومت کو دینے کا وعدہ بھی کیا۔