صنعتی و ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے نگرانی کا موثر طریقہ کار وضع کیا ہے تاکہ تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے ترقی اور خوشحالی کا آغاز کیا جا سکے،وزیراعلیٰ پنجاب کی تاجروں سے گفتگو

لاہور۔25ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تمام صنعتی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ان کی نگرانی کا ایک موثر طریقہ کار وضع کیا ہے تاکہ معاشرہ کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے صوبے بھر میں ترقی اور خوشحالی کے دور کا آغاز کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو پاکستان فرنیچر کونسل اور چن ون کے چیف …

لاہور۔25ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تمام صنعتی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ان کی نگرانی کا ایک موثر طریقہ کار وضع کیا ہے تاکہ معاشرہ کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے صوبے بھر میں ترقی اور خوشحالی کے دور کا آغاز کیا جا سکے۔

انہوں نے یہ بات اتوار کو پاکستان فرنیچر کونسل اور چن ون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری محمد اشفاق سابق ضلع ناظم ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ایم پی اے سعید احمد سعیدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلی ٰنے کہا کہ پنجاب حکومت صنعتی اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کو بہت اہمیت دیتی ہے اور اب تمام صوبائی سیکرٹریز کی کارکردگی کو ترقیاتی منصوبوں سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے منصوبوں کی ماہانہ کارکردگی کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں تاکہ اہداف کے بروقت حصول کو یقینی بنایا جا سکے اور اس ضمن میں کسی قسم کا کوئی عذر برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعلی ٰنے یقین دہانی کرائی کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت صوبے بھر میں آبپاشی کیلئے پانی کے مسئلے کو ترجیحی طور پر حل کیا جائے گا کیونکہ زراعت ہماری قومی معیشت کا بنیادی محور ہے۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پنجاب حکومت ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور صحت، تعلیم، سڑکوں، مواصلات اور آبپاشی کے نظام کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے جائیں گے۔