نبی اکرم ۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی دنیا وآخرت سنوار سکتے ہیں،سیلاب متاثرین کی امداد کرنیوالے ممالک کے مشکور ہیں، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

398
TAHIR MEHMOOD

لاہور۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ربیع الاول کو پیغام رحمت للعالمین ؐکے مہینے کے طور پر منایا جا رہا ہے،نبی اکرمؐ ۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی دنیا وآخرت سنوار سکتے ہیں،سیلاب متاثرین کی امداد کرنے والے ممالک کے مشکور ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز المصطفی مسجد جوہر ٹائون میں رحمت اللعالمین ؐکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔طاہر اشرفی نے کہا کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اجاگر کرنے کے لیے اجتماعات، سیمینارز، پروگرامز اور کانفرنسز کا اہتمام کیا جا رہا ہے جبکہ مرکزی رحمت اللعالمین کانفرنسؐ 11-12 ربیع الاول کو اسلام آباد میں ہوگی جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف دیگر ملکی و بین الاقوامی شخصیات کے ساتھ شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امن، پیار اور رواداری حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام ہے اور اس عظیم پیغام کو پوری دنیا میں پھیلانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم،امت مسلمہ اور مخیر حضرات خصوصی طور پر ربیع الاول کے مقدس مہینے میں سیلاب زدگان کی دل کھول کر مدد کریں کیونکہ ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں وسیلاب سے متاثرہ افراد کو تشویشناک صورتحال کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں عوام سیلاب متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے پر ہم مسلم اور امداد کرنیوالے دیگر ممالک کے مشکور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں ،انہیں دنیا کے ساتھ دینی تعلیم سے آراستہ کرنا ہمارا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہمیں مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیر اعظم نے دہشت گردی اور انتہا پسندی پھیلانے والے عناصر کے خلاف اقوام متحدہ میں جس طرح آواز اٹھائی ہم اس کو سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ عالمی قوتیں اس پر توجہ دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ علما و مشائخ بھائی چارے، رواداری اور اخلاقیات کو فروغ دینے کے ساتھ ضرورت مند لوگوں کی فلاح و بہبود کی اہمیت پر بھی زور دیں۔