فرانس نے پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے 10لاکھ یورو مختص کئے ہیں، پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے

274

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):فرانس نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انسانی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں کے لیے10 لاکھ یورو مختص کیے ہیں۔ پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے کہا ہے کہ فرانسیسی حکومت نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے تین غیر سرکاری بین الاقوامی اداروں کو 10 لاکھ یورو مختص کیے ہیں۔

فرانس کے سفیر نے اپنی رہائش گاہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ امداد کمزور گھرانوں کو مدد فراہم کے ساتھ ساتھ جانی نقصان کو کم کرنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی حالت زندگی کو ہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ امداد فرانس کی طرف سے تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستانی عوام کی خاطر خواہ مدد کا حصہ ہے۔ سفیر نے کہا کہ فرانس کے صدر میکرون نے پاکستان میں ہولناک سیلاب کے متاثرین کے ساتھ اگست میں اپنی اور فرانس کی جانب سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی مالی امداد سندھ کے قمر شہداد کوٹ اور خیر پور کے اضلاع کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے علاوہ لوگوں کو خوراک کی فراہمی، صحت، پانی، صفائی اور حفظان صحت کی سہولت، زراعت اور خوراک کی حفاظت کے علاوہ اس سے تقریباً 30 ہزار افراد کو فائدہ ملے گا ۔

فرانسیسی سفیر نے کہا کہ فرانسیسی بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیمیں اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کو انسانی امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، یہ مالی امداد فرانس کی طرف سے فراہم کردہ دیگر معاونت کے علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک فرانسیسی میڈیکل ٹیم نے ستمبر میں ضلع دادو میں اعلیٰ صلاحیت کے حامل واٹر پمپس کی تقسیم، خیموں اور کچن سیٹ پر مشتمل ہنگامی سامان کی فراہمی کے علاوہ پانی صاف کرنے اور آئندہ ہفتوں میں ایک پورٹیبل پل کی خریداری کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس نے2 سو خیموں اور 83 اعلیٰ صلاحیت کے حامل پانی کے پمپ بھی فراہم کئے ہیں، ماہرین کی ایک ٹیم نے کراچی میں50 سے زائد تکنیکی ماہرین کو پاکستان کو دیئے گئے 83 اعلیٰ صلاحیت والے واٹر پمپ استعمال کرنے کی تربیت دی ہے اور اب پاکستانی ماہرین متاثرہ علاقوں کے مختلف حصوں میں ان کو چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی سول سیکیورٹی یونٹس کے 40 ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم اب صوبہ سندھ میں پانی صاف کرنے کا نظام لگانے اور چلانے کے لیے جگہ جگہ تعینات ہیں جو مقامی آبادی کو روزانہ پینے کا صاف پانی فراہم کرے گی۔

فرانس کے سفیر نے کہا کہ فرانسیسی حکومت نے سندھ میں حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کے لیے ایک مربوط نیوٹریشن سیفٹی نیٹ پراجیکٹ کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کے لئے اضافی 1 ملین یورو مختص کیے ہیں۔