مستقبل میں پاک چین تعلیمی روابط کو مزید فروغ ملے گا، چینی قونصلیٹ جنرل زاؤ شیرین

186
مستقبل میں پاک چین تعلیمی روابط کو مزید فروغ ملے گا، چینی قونصلیٹ جنرل زاؤ شیرین

سرگودھا۔30دسمبر (اے پی پی):تعلیم کے شعبہ میں پاک چین دوستانہ تعلقات کے فروغ پر چینی قونصلیٹ جنرل نے وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کو ”فرینڈشپ ایوارڈ2022ء“ دیا۔ یہ ایوارڈ چینی قونصلیٹ جنرل زاؤ شیرین نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس سے ملاقات کے دوران دیا۔

اس موقع پرپر زاؤ شیرین نے عوامی جمہوریہ چین کی جامعات اور سرگودھا یونیورسٹی کے درمیان تعلیم و تحقیق کے شعبہ میں تعاون، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کے ذریعہ چینی زبان اور کلچر کو فروغ دینے کیلئے ڈاکٹر قیصر عباس کی خدمات کو سراہا اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں پاک چین تعلیمی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر قیصر عباس نے سرگودھا یونیورسٹی کے طلبہ کیلئے”چائنیز ایمبیسڈر سکالرشپ“ پروگرام 2023ء کا آغاز کرنے پر چینی سفارتخانے کا شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مثالی ہے جبکہ تعلیم کے شعبہ میں دوستانہ تعلقات کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے پیشِ نظر سرگودھا یونیورسٹی چین کے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دے گی۔