یو بی جی کے چیئرمین شہزاد علی ملک کی پنجاب کے نگراں وزرا ایس ایم تنویر اور سید اظفر علی ناصر کو مبارکباد

274
پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کو سٹیک ہولڈر کے طور پراین ایس ڈی آر اے میں شامل کیا جائے، شہزاد علی ملک

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے پنجاب کی نگران کابینہ میں شامل ہونے والے وزرا ایس ایم تنویر اور سید اظفر علی ناصر کو مبارکباد دی ہے۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلی بار اچھی شہرت کے حامل، خدمت کے جذبہ سے سرشار اور دیانتدار صنعت کاروں کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے جو موجودہ حالات میں بہتری کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ دونوں وزرا کاروباری برادری کے حقیقی نمائندے ہیں اور نجی شعبے میں گڈ گورننس کا وسیع علم اور بھرپور تجربہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ صنعت، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے وزیر کی حیثیت سے ایس ایم تنویر صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے اپنی بھر پور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لیے نجی شعبہ کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ شہزاد علی ملک، ستارہ امتیاز نے کہا کہ دنیا بھر میں پائیدار معیشت کو ریاست کی بقاء کے لیے سب سے زیادہ اہم سمجھا جاتا ہے۔

ہماری کمزور معیشت کو پائیدار استحکام کے لیے فوری اور نتیجہ خیز اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں وزرا ملک کو موجودہ معاشی دلدل سے نکالنے کے لیے چیمبرز سمیت صنعت و تجارت کے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر اہم فیصلے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری معاشی ترقی کے انجن کو حرکت میں لانے کے لیے ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔