ایکسپورٹس ہی ملک کو معاشی مشکلات سے نکال سکتی ہیں ، سیالکوٹ کی تاجر برادری عالمی سطح پر وطن عزیز کا نام روشن کر رہی ہے، وزیر تجارت نوید قمر

144
ایکسپورٹس ہی ملک کو معاشی مشکلات سے نکال سکتی ہیں ، سیالکوٹ کی تاجر برادری عالمی سطح پر وطن عزیز کا نام روشن کر رہی ہے، وزیر تجارت نوید قمر

سیالکوٹ۔15مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری کا پوری دنیا میں ایک نام ہے جو بہترین کوالٹی کی مصنوعات تیار کر کےملک کے لیے کثیر زرمبادلہ کما رہی ہےاورپاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر کے عالمی سطح پر وطن عزیز کا نام روشن کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سیالکوٹ میں ایک فیکٹری کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئےکیا۔

انہوں نے سیالکوٹ میں پسرور روڈ پر واقع کیپ مائونٹ امپیکس پرائیویٹ لمیٹڈنامی فیکٹری کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جو ملک کو معاشی مشکلات سے نکال سکتا ہے، مجھے خوشی ہے کہ شہر اقبال ملکی معیشت کے استحکام کے لیے اپنا موثر کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نےفیکٹری کے چیف ایگزیکٹو گل شیر خان اور ڈائریکٹر خان شہباز خان کو فیکٹری کے افتتاح پر مبارکبادپیش کی اور ان کے کاروبار میں وسعت کے لیے دعائے خیر کی۔ اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سیکرٹری نواز احمد طور، حسن طور، ظفریاب علی شاہ سمیت تاجر برادری کی کثیر تعداد کے ساتھ ساتھ فیکٹری کے ملازمین بھی موجود تھے ۔