اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمت پاکستان کے لئے تجارتی و سفارتی سطح پر بہترین موقع ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو سٹاک ایکسچینج کے معروف ماہر چوہدری جواد حفیظ کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت مشرق وسطیٰ میں دیرینہ تنازعات کے حل کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ملکوں کے تعلقات کے معمول پر آنے سے ایران کے ہمسایہ اور سعودی عرب کے اہم پارٹنر کے طور پر پاکستان کے لیے مواقع موجود ہیں، پاکستان اب دونوں ممالک کے ساتھ متوازن تجارتی وسفارتی تعلقات برقرار رکھ سکتا ہے۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں بہتری ریجنل سکیورٹی جبکہ چین، ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کی کامیابی کے لیے بھی انتہائی اہم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشرق وسطیٰ میں تعمیری کردار ادا کیا ہے اور خطے کے ممالک کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کی کوششوں کی حمایت اور اس عمل میں تعاون کیا ہے۔ شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا کہ پاکستان دونوں ریاستوں کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک ایران ہمیشہ سے پاکستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر اور سعودی عرب اہم اقتصادی اتحادی ہے جہاں پاکستانی تارکین وطن کی بڑی تعداد کام کر رہی ہے جو ترسیلات زر کا ایک اہم ذریعہ ہے۔