سی پیک منصوبوں اور 11ویں جے سی سی کی تیاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس، سی پیک کے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار

321
چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مشترکہ رابطہ کمیٹی کا 12 واں یادگاری اجلاس منگل کو بیجنگ میں منعقد ہوگا

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کے کامیاب دورہ چین کے بعد سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور 11ویں جے سی سی کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس چیف اکانومسٹ ڈاکٹر ندیم جاوید اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل کوآپریشن ڈیپارٹمنٹ آف نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (این ڈی آر سی) پین جیانگ کی مشترکہ صدارت میں پیر کو منعقد ہوا۔

اجلاس میں منصوبہ بندی، توانائی، صنعت اور دیگر اہم وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ دونوں اطراف نے سی پیک کے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام زیر التواء مسائل کو جلد حل کیا جائے گا۔دونوں فریقین نے چار ترجیحی ایس ای زیز جن میں رشکئی، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی، دھابیجی اور بوستان ایس ای زیز میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا بھی اظہار کیا اور اس پیش رفت کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا تاکہ اعلیٰ معیار کی صنعتوں کی نقل مکانی کو راغب کیا جا سکے۔ صنعتی تعاون کے لیے فریم ورک معاہدے پر دستخط کو بہت سراہا گیا اور دونوں فریقوں نے فریم ورک کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لیے ہر چھ ماہ اجلاس منعقد کرنے کا عہد کیا۔ڈاکٹر ندیم جاوید نے این ڈی آر سی اور دیگر متعلقہ چینی حکومتی اداروں سے اہم منصوبوں جیسے ایم ایل ون، کے آر سی اور اہم توانائی کے منصوبوں پر قیادت کے اتفاق رائے کے مطابق عمل درآمد کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور تعاون کی درخواست کی۔

واضح رہے کہ سال 2023 سی پیک کی دہائی اور پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط شراکت داری کی علامت ہے۔ اسی مناسبت سے، پاکستان اور چین دونوں 5 جولائی 2023 کو بی آر آئی اور سی پیک کے 10 سال کی تقریبات منا رہے ہیں جس کے تحت اعلیٰ سطح کے چینی وفود سی پیک کے آغاز سے اب تک کی کامیابیوں کا مشاہدہ کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔