ہم نے پلاسٹک کے فضلے میں کمی کی جانب پاکستان کے سفر کا آغاز کر دیا ہے ،وزیراعظم شہباز شریف کا ٹویٹ

196
Foreign Office

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ ہم نے پلاسٹک کے فضلے میں کمی کی جانب پاکستان کے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔پیر کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ الحمدللہ! آج عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر وفاقی کابینہ کی جانب سے "ممانعاتی ضوابط برائے سنگل یوز پلاسٹکس 2023” کی منظوری کے بعد ہم نے پلاسٹک فضلے میں کمی کی جانب پاکستان کے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ نئے ضوابط اسلام آباد میں ایک بار استعمال والے پلاسٹکس کے مرحلہ وار اختتام کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان ضوابط کے نفاذ کے لیے عملی اقدامات کا لائحہ عمل بھی متعارف کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی کا مکمل سدباب کرنے کے پختہ عزم کی عکاسی کے طور پر تمام وفاقی حکومتی اداروں، بشمول وزیرِ اعظم آفس کو صف اول میں رہنے کی اور آج سے پلاسٹک کی بوتلوں کی بجائے صرف دوبارہ استعمال کیے جا سکنے والے پانی کے برتن ہی استعمال کرنے کی ہدایات کی گئی ہے۔ میری تمام صوبائی حکومتوں اور عوام سے التماس ہے کہ پاکستان میں پلاسٹک فضلے کو کم کرنے اور اس کا سدباب کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔