انقرہ میں بم دھماکہ کرنے والے شام سے آئے تھے، ترک وزیر خارجہ کا دعوی

انقرہ ۔5اکتوبر (اے پی پی):تُرک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ اتوار کو انقرہ میں وزارت داخلہ کے ہیڈ کواٹرز پر حملے میں ملوث افراد شام سے آئے تھے۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ عراق اور شام میں دہشتگرد تنظیم ’پی کے کے‘ اور ’وائی پی جے‘ کے تمام بنیادی ڈھانچے اور زیر استعمال سہولیات کے ساتھ ساتھ پاور پوائنٹس بھی ہمارے …

انقرہ ۔5اکتوبر (اے پی پی):تُرک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ اتوار کو انقرہ میں وزارت داخلہ کے ہیڈ کواٹرز پر حملے میں ملوث افراد شام سے آئے تھے۔

ترک خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ عراق اور شام میں دہشتگرد تنظیم ’پی کے کے‘ اور ’وائی پی جے‘ کے تمام بنیادی ڈھانچے اور زیر استعمال سہولیات کے ساتھ ساتھ پاور پوائنٹس بھی ہمارے جائز اہداف بن گئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ میں تینوں فریقوں کو کردستان ورکرز پارٹی اور پیپلز پروٹیکشن یونٹس کے زیر کنٹرول ان تنصیبات سے دور رہنے کی سفارش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حملے پر ہماری مسلح افواج کا ردعمل بہت سخت اور درست ہو گا۔ اسی تناظر میں ترکیہ کی وزارت داخلہ نے حملے کے دوسرے مجرم کردستان ورکرز پارٹی کے رکن اوزکان شاہین کی شناخت کا اعلان کیا ہے۔

وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ سکیورٹی حکام اس واقعے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک اس کے آخری عناصر کو ختم نہیں کر دیا جاتا۔