آئی ایم ایف کی رواں سال کے دوران دنیا بھرمیں اقتصادی شرح نمو 2.9فیصد تک پاکستان میں 2.5 فیصد تک رہنے کی پیشنگوئی

90
The IMF
The IMF

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے جاری مالی سال کے دوران دنیا بھرمیں اقتصادی نمو کی شرح 2.9فیصد اور پاکستان میں 2.5 فیصد تک رہنے کی پیشنگوئی کی ہے۔یہ بات آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اقتصادی پیش منظر2023کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024میں پاکستان کی اقتصاد ی نموکی شرح 2.5 فیصد تک رہنے کاامکان ہے۔ مالی سال 2022 میں پاکستان کی اقتصاد ی نموکی شرح 6.1 فیصد اورمالی سال 2022 میں منفی 0.5 فیصد رہی۔رپورٹ کے مطابق 2022میں عالمی اقتصادی نمو کی شرح 3.5،2023میں 3فیصد اور 2024میں 2.9فیصد رہنے کا امکان ہے۔ ترقیاتی یافتہ معیشتوں میں مالی سال 2024کے دوران اقتصاد ی نمو کی شرح 1.4فیصد رہنے کا امکان ہے ۔ گزشتہ سال ان معیشتوں میں اقتصادی نمو کی شرح 1.5فیصد اور2022میں 2.6فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

ابھرتی ہوئی اور ترقی پذیر معیشتوں میں جاری مالی سال کے دوران اقتصادی نمو کی شرح 4فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان معیشتوں میں گزشتہ مالی سال کے دوران اقتصادی نمو کی شرح 4فیصد اور مالی سال 2022میں 4.1فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ عالمی سطح پر اقتصادی بحالی ہورہی ہےتاہم یہ کمزور اورناہموار ہے جس سے اقتصادی طور پر کمزور ترین ممالک زیادہ متاثر ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ معاشی طور پر کمزور ممالک اومعیشتوں کو ترقی کے ثمرات سے مستفید کرانے کےلئے اقدامات ضروری ہیں ۔آئی ایم ایف کے مطابق مالی سال 2024میں امریکہ کی شرح نمو1.5فیصد، جرمنی 0.9فیصد، فرانس 1.3فیصد،اٹلی0.7فیصد،سپین 1.7فیصد، کینیڈا1.6فیصد، چین 4.2فیصد،بھارت 6.3فیصد، روس1.1فیصد، برازیل 1.5فیصد، میکسیکو2.1فیصد، مراکش 6.3فیصد،سعودی عرب4فیصد، نائیجیریا3.1فیصد اور جنوبی افریقہ کی اقتصادی نمو کی شرح 1.8فیصد رہنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں عالمی سطح پرافراط زر کی شرح 4.8فیصد اوسط کی شرح سے رہے گی جو 2022میں 9.2فیصد اور2023میں 5.9فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔