جرمنی کا یوکرین کی مدد کے لیے 1.1 بلین ڈالر کے نئے دفاعی پیکج کا اعلان

جرمنی کا یوکرین کی مدد کے لیے 1.1 بلین ڈالر کے نئے دفاعی پیکج کا اعلان

برلن۔11اکتوبر (اے پی پی): جرمنی نے یوکرین کی مدد کے لیے ایک بلین یورو (1.1 بلین ڈالر )کے نئے دفاعی پیکج کا اعلان کر دیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر دفاع طورس پسٹوریئس نے گزشتہ روز اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی یوکرین کی مدد جاری رکھے گا جس کی اسے فوری طور پر ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس نئے’’ونٹر پیکج‘‘ کے ساتھ ہم آنے والے مہینوں میں یوکرین کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے دفاعی پیکج میں اضافی پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم، اضافی آئی آر آئی ایس۔ ٹی میزائل سسٹم اور گیپارڈ اینٹی ایئر کرافٹ گن ٹینک شامل ہیں۔

جرمن وزیر دفاع نے کہا کہ یوکرین کی سپیشل فورسز کو گاڑیوں، ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ 20 ملین یورو سے زائد مالیت کے غیر متعینہ آلات سے بھی مدد فراہم کی جائے گی تاکہ ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔