ترانہ۔17اکتوبر (اے پی پی):یورپی یونین غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کاموں کے لیے غزہ اور مصر کے درمیان فضائی راہداری آپریشن شروع کرے گی۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پہلی 2پروازیں رواں ہفتے شروع کی جائیں گی جن میں یونیسیف کی طرف سے شیلٹرز ، ادویات اور حفظان صحت کی کٹس شامل ہوں گی۔ امکانی طور پر اس امدادی فضائی راہداری کا آغاز اسی ہفتے سے ہو جائے گا۔
یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وون ڈیر لیان نےالبانیہ کے دارالحکومت ترانہ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینی شہریوں کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے ہفتے کے آخر میں فیصلہ کیا کہ وہ غزہ میں فلسطینی شہریوں کی مدد کے لیے اپنی انسانی امداد کو تین گنا کر کے 75 ملین یورو سے زیادہ کر دے گی۔