امریکا کے پاس یوکرین اور اسرائیل کی معاونت کے لئے خاطر خواہ مالی وسائل موجود ہیں، امریکی وزیر خزانہ
امریکا کے پاس یوکرین اور اسرائیل کی معاونت کے لئے خاطر خواہ مالی وسائل موجود ہیں، امریکی وزیر خزانہ

مزید خبریں
لکسمبرگ۔17اکتوبر (اے پی پی): امریکی وزیر خزانہ جینیٹ ییلن نے کہا ہے کہ ان کا ملک بیک وقت دو محازوں پر جاری جنگوں کے لئے مالی معاونت فراہم کرنے کی استعداد رکھتا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکا سمندر پار اپنے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے یوکرین اور اسرائیل دونوں کی ایک ساتھ مدد کرنے کی اہلیت رکھتا ہے اور اس مقصد کے لئےاس کے پاس خاطر خواہ مالی وسائل موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا یقینی طور پر اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہونے اور اسرائیل کی فوجی ضروریات کی حمایت کرنے کا متحمل ہوسکتا ہے اور ہم روس کے خلاف اس کی جدوجہد میں یوکرین کی حمایت بھی کر سکتے ہیں اور ضرور کریں گے ۔
تاہم انہوں نے متنبہ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں ایک ایک بڑی جنگ کے ممکنہ معاشی اثرات کا مکمل تخمینہ لگانا اس وقت ممکن نہیں۔ انہوں نے ریپبلکنز سے مطالبہ کیا کہ وہ ایوان نمائندگان کے نئے سپیکر کی تقرری کی کوششوں کو تیز کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مالی امداد بیرون ملک پہنچ سکے۔جینیٹ ییلن نے کہا کہ ہمیں اسرائیل اور یوکرین دونوں کے لیے فنڈز جمع کرنے کی ضرورت ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے انسپکٹر جنرل کے دفتر کے مطابق امریکا پہلے ہی یوکرین کے لیے کم از کم 113 بلین ڈالر کی امداد کی منظوری دے چکا ہے۔ تاہم امریکی فوج نے دفاعی پیداوار کے شعبہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین کو ہتھیاروں کی منتقلی کی وجہ سے ذخیرے میں ہونے والی کمی کو پورا کرنے کے لیے پیداوار میں اضافہ کریں تاکہ اسرائیل کو جنگی سازوسامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ واضح رہے کہ امریکی شہریوں میں یوکرین کی فوجی امداد کے لئے امریکی فنڈز کی فراہمی کی مخالفت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔








