فلسطین میں انسانی تباہی کا سلسلہ رکنا چاہیے، چینی وزیر خارجہ

بیجنگ۔3نومبر (اے پی پی):چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے اردن کے نائب وزیر اعظم ،وزیر خارجہ اور بیرون ملک امور کے وزیر کا عہدہ رکھنے والے ایمن صفادی سےٹیلی فونک رابطہ کیا اور غزہ کی پٹی میں مہاجرین کیمپس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں انسانی تباہی کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ چینی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینی اور …

بیجنگ۔3نومبر (اے پی پی):چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے اردن کے نائب وزیر اعظم ،وزیر خارجہ اور بیرون ملک امور کے وزیر کا عہدہ رکھنے والے ایمن صفادی سےٹیلی فونک رابطہ کیا اور غزہ کی پٹی میں مہاجرین کیمپس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں انسانی تباہی کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

چینی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینی اور اسرائیلی عوام کی جانیں یکساں اہم ہیں، اس سلسلے میں کوئی دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے اور انسانی تباہی کا سلسلہ رکنا چاہیے ۔

وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ چین اردن کی جانب سے فلسطین اسرائیل امن مذاکرات کے طویل المدتی فعال فروغ اور عرب ممالک کی نمائدگی کرتے ہوئے فلسطین اسرائیل تنازعہ پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کا مسودہ تیار کرنے کی تجویز کو سراہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین فائر بندی و جنگ بندی اور امن برقرار رکھنے کے لیے عرب ممالک کی اہم تجویز کی حمایت کرتا ہے۔ وانگ ای نے کہا کہ رواں ماہ سلامتی کونسل کےموجودہ چیئرمین ملک کی حیثیت سے، چین تمام فریقین کے ساتھ قریبی رابطے ، سلامتی کونسل میں اتفاق رائے کو فروغ دینے اور صورتحال کو جلد سے جلد بہتر کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے، ہمیں جنگ بندی کے حصول کی کوشش اور ہموار انسانی امدادی چینلز کو یقینی بنانا چاہیے۔