واشنگٹن۔13نومبر (اے پی پی):امریکا کے شام کے مشرقی علاقے پراہداف پر فضائی حملوں کے نتیجے میں 6افراد جاں بحق ہو گئے۔ روسی خبر رساں ادارے نے فاکس نیوز کے حوالے سے بتایا کہ امریکی محکمہ دفاع کے سینئر نمائندہ نے امریکی فوج کے شام کے مشرقی علاقے میں فضائی حملوں کی تصدیق کی ہے ۔ قبل ازیں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اس اس بات کی تصدیق کی تھی کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے مشرقی شام میں اہداف پر فضائی حملوں کا حکم دیا تھا۔
امریکی فوج نے مشرقی شام میں اہداف پرحملے کیے۔ امریکی فوج کا دعویٰ ہے کہ ایران کی پاسداران انقلاب نے مشرق وسطیٰ میں اپنے اڈے بنا رکھے ہیں۔تازہ ترین حملے ابو کمال اور معیادین نامی شہروں کے قریب مبینہ طور پر واقع پاسداران انقلاب کے تربیتی مراکز پر کئے گئے اور ان کا مقصد خطے میں موجود امریکی فوجی اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔