یونان اور ترکیہ کے درمیان اچھے ہمسائیگی تعلقات کے خواہش مند ہیں ، جرمنی

برلن ۔17نومبر (اے پی پی):جرمنی کے چانسلر اولاف شولز نے کہا ہے کہ وہ یونان اور ترکیہ کے درمیان اچھے ہمسائیگی تعلقات کے خواہش مند ہیں، یورپی یونین میں ترکی میں مہاجرین کے معاملے پر بات چیت جاری ہے،ان مذاکرات کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں ۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر نے ان خیالات کا اظہار برلن میں یونانی وزیر اعظم کریاکوس میچو تاکیس کے ساتھ ملاقات …

برلن ۔17نومبر (اے پی پی):جرمنی کے چانسلر اولاف شولز نے کہا ہے کہ وہ یونان اور ترکیہ کے درمیان اچھے ہمسائیگی تعلقات کے خواہش مند ہیں، یورپی یونین میں ترکی میں مہاجرین کے معاملے پر بات چیت جاری ہے،ان مذاکرات کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں ۔

ترک خبررساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر نے ان خیالات کا اظہار برلن میں یونانی وزیر اعظم کریاکوس میچو تاکیس کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ترکیہ اور یونان نیٹو جبکہ یونان یورپی یونین (ای یو ) کا رکن ہے، جرمن چانسلر نے کہا کہ انہوں نے حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کی ان کے باہمی تعلقات کے حوالے سے رہنمائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ یونان اور ترکیہ کےباہمی مسائل کا حل بہت ضروری ہے، ہم مستقبل قریب میں یونانی اور ترک حکومتوں میں بات چیت کے منتظر ہیں ۔

یورپی یونین اور ترکیہ کے درمیان مہاجرین کے معاہدے کی بحالی بارے انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اس معاملے پر بات چیت کر رہی ہے اور وہ ان مذاکرات کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے مہاجرین کی کثیر تعداد کو پناہ دی ہے اورہم امید کرتے ہیں کہ مہاجر یورپ کی جانب نقل مکانی نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور یورپی یونین کے درمیان امیگریشن مطابقت کو جاری رکھنے اور اسے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

یونانی وزیر اعظم نے بھی اس موقعے پر کہا کہ ہماری حکومت ترکیہ کے ساتھ غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتی ہے ، یورپی یونین کو ان ممالک کی مالی امداد میں اضافہ کرنا چاہیے جو اس بحران کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔