سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 13 ارب روپے مالیت کے 5 منصوبوں کی منظوری دیدی، 72.24 ارب روپے کے دومنصوبوں کومزید غورخوض کیلئے ایکنیک کے پاس بھیجنے کی سفارش

93
Central Development Working Party
Central Development Working Party

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 13 ارب روپے مالیت کے 5 منصوبوں کی منظوری جبکہ 72.24 ارب روپے کے دومنصوبوں کومزید غورخوص کیلئے ایکنیک کے پاس بھیجنے کی سفارش کی ہے۔ سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کااجلاس ڈپٹی چئیرمین منصوبہ بندی کمیشن محمدجہانزیب خان کی زیرصدارت منعقدہوا۔

اجلاس میں 13 ارب روپے مالیت کے 5 منصوبوں کی منظوری دی گئی جبکہ 72.24 ارب روپے کے دومنصوبوں کومزید غورخوض کیلئے ایکنیک کے پاس بھیجنے کی سفارش کی گئی۔سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظورسومرہ، پلاننگ کمیشن اوروفاقی وزارتوں وڈویژنز کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، فزیکل پلاننگ اور ہائوسنگ شعبہ سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لیاگیا۔

اجلاس میں اپ گریڈیشن آف ٹرانسمیشن نیٹ ورک اینڈ ری پلیسمنٹ آف آپٹکل فائبرکیبل آزادکشمیر وگلگت بلتستان اورپرائم منسٹر انیشئٹوسپورٹ فار آئی ٹی سٹارٹ اپس، سپیشلائزڈ آئی ٹی ٹریننگ اینڈوینچرکیپٹل کے نام سے دومنصوبوں کی منظوری دی گئی جن پربالترتیب 1999 ملین روپے اور5000 ملین روپے کی لاگت آئیگی۔اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات کی جانب سے انفیکشیس ڈیزیزلیبارٹری کے قیام سے متعلق منصوبہ پیش کیاگیا جس پر8289.91 ملین روپے کی لاگت کاتخمینہ ہے۔

اجلاس میں منصوبہ ایکنیک کومنظوری کیلئے بجھوانے کی سفارش کی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزارت قانون کے دومنصوبوں ”سائلین و وکلاء کیلئے اسلام آباد کے سیکٹرجی ٹین ون میں سہولت مرکز کا قیام“ اور ”ماوایریا جی الیون فورمیں ڈسٹرکٹ کورٹس کے قیام“ کے منصوبوں کاجائزہ لیاگیا اوراس کی منظوری دی گئی، دونوں منصوبوں پربالترتیب 1262 ملین روپے اور2232.736 ملین روپے کی لاگت آئیگی۔

اجلاس میں ”بااختیارنوجوان انٹرن شپ پروگرام بلوچستان“ کے نام سے ہنرمیں بہتری کے حوالہ سے منصوبہ کی منظوری دی گئی جس پر1850 ملین روپے کی لاگت آئیگی، اس منصوبہ کیلئے عالمی بینک مکمل معاونت فراہم کرے گا۔ اجلاس میں سندھ حلومت کے ”کلک“ کے نام سے منصوبہ کو ایکنیک کے پاس بھجوانے کی سفارش کی گئی اس منصوبہ پرنظرثانی شدہ لاگت 63950.37 ملین روپے ہے۔