پریذیڈنٹ ٹرافی، عمر اکمل، وقارحسین اور محمد شہزاد کی سنچریاں

کراچی۔ 11 جنوری (اے پی پی):پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں رائونڈ کے تیسرے روز واپڈا نے ایس این جی پی ایل کو فتح کیلئے 367 رنز کا ہدف دے دیا، واپڈا کے عمر اکمل نے شاندار سنچری سکور کی۔ یوبی ایل سپورٹس کمپلیکس میں جمعرات کو ایس این جی پی ایل نے واپڈا کے 367رنز کے ہدف کے تعاقب میں کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے 12رنز …

کراچی۔ 11 جنوری (اے پی پی):پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں رائونڈ کے تیسرے روز واپڈا نے ایس این جی پی ایل کو فتح کیلئے 367 رنز کا ہدف دے دیا، واپڈا کے عمر اکمل نے شاندار سنچری سکور کی۔ یوبی ایل سپورٹس کمپلیکس میں جمعرات کو ایس این جی پی ایل نے واپڈا کے 367رنز کے ہدف کے تعاقب میں کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے 12رنز بنالئے ۔ اس سے قبل واپڈا نے اپنی دوسری اننگز 5وکٹوں کے نقصان پر 330رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔ عمراکمل نے 128رنز بنائے جس میں 12چوکے اور 2چھکے شامل تھے۔

احمد شہزاد نے 10چوکوں کی مدد سے 70رنز بنائے۔ ایاض تصور نے 60رنز کی اننگز کھیلی۔نیشنل بینک سٹیڈیم میں سٹیٹ بینک کو کے آر ایل کے خلاف میچ جیتنے کے لیے 245رنز کا ہدف ملا ہے۔ تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر اس نے 6وکٹوں کے نقصان پر 195رنز بنائے تھے۔ رمیز عزیز 12چوکوں کی مدد سے 73رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ عرفان خان نیازی 56رنز بناکر ناٹ آئوٹ ہیں۔کاشف علی نے 42رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔اسٹیٹ بینک کو جیت کے لیے اب بھی مزید 50رنز درکار ہیں اور اس کی 4وکٹیں باقی ہیں۔

اس سے قبل کے آر ایل کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 169رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔ معاذ صداقت نے نصف سنچری بنائی۔ آفاق آفریدی نے 31رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کو پی ٹی وی کے خلاف میچ جیتنے کے لیے407رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے 76 رنز بنائے تھے اور اس کے 3کھلاڑی آئوٹ ہوئے تھے۔

اس سے قبل ہائر ایجوکیشن کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 421رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔وقار حسین نے 10چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 104رنز اسکور کیے۔ محمد شہزاد نے 10چوکوں اور4چھکوں کی مدد سے 100رنز بنائے۔ حسن محسن نے 53رنز اسکور کیے۔ سعدخان اور عارش علی خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔