برطانیہ میں سمندری طوفان ایشا کے زیر اثر باد وباراں کے باعث زمینی اور فضائی ٹریفک متاثر

97

لندن۔22جنوری (اے پی پی):برطانیہ میں سمندری طوفان ایشا کے زیر اثر شدید بارشوں اور خطرناک تیز رفتار ہواؤں کے باعث زمینی اور فضائی ٹریف متاثر ہوئی ہے۔

بی بی سی کے مطابق طوفان کے زیر اثر تیز ہوائیں جن کی رفتار بعض مقامات پر 159 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، سے گھروں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ، درخت گرنے سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور سمندر میں بلند لہریں پیدا ہوئیں جن کے باعث بعض ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ طوفان کے زیر اثر بعض علاقوں میں بگولوں کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔ شدید موسمی صورتحال کے باعث زمینی، سمندری اور فضائی ٹریفک متاثر ہوئ ہے۔

برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ طوفان سے لوگوں کی بہت بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے۔ نیٹ ورک ریل نے بیشتر راستوں پر ٹرینوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 میل فی گھنٹہ کر دی ہے۔سکاٹ لینڈ کے ریلوے آپریٹر نے رش کے اوقات میں چلنے والی تمام ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں ۔ایسٹ مڈلینڈز ریلوے نے کہا ہے کہ اس کی سروس میں تاخیر اور شیڈول میں تبدیلی کا امکان ہے۔دریں اثنا ہوائی اڈوں پر درجنوں پروازیں منسوخ اور کچھ طیاروں کا رخ موڑ دیا گیا ہے ۔

انڈپینڈنٹ اردو کے مطابق برٹش ایئرویز نے اتوار کی سہ پہر اور شام کے وقت لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے پر اترنے اور روانہ ہونے والی مزید ایک درجن پروازیں منسوخ کردیں جس کے بعد منسوخ کی جانے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 38 ہوگئی ہے۔لندن یوسٹن کو ویسٹ مڈلینڈز، شمال مغربی برطانیہ، شمالی ویلز اور جنوبی سکاٹ لینڈ سے ملانے والی لائن پر ٹرینیں چلانے والی ریل کمپنی اوانتی ویسٹ کوسٹ نے بھی سفر کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہے۔

برٹش ایئرویز کے ترجمان کے مطابق دیگر فضائی کمپنیوں کی طرح انہیں بھی برطانیہ بھر اور یورپ میں خراب موسمی حالات کی وجہ سے شیڈول میں تبدیلیاں کرنی پڑی ہیں۔