انقرہ ۔ 23 فروری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کو نقصان پہنچانے والے بعض عناصر ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی حالیہ لہر کے پیچھے ہیں اور حکومت ہر قیمت پر دہشت گردی ختم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ دورہ ترکی کے دوران اپنے ہمراہ جانے والے رپورٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے ٹھوس …
وزیراعظم محمد نواز شریف کی دورہ ترکی کے دوران ہمراہ جانے والے رپورٹرز سے بات چیت
انقرہ ۔ 23 فروری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کو نقصان پہنچانے والے بعض عناصر ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی حالیہ لہر کے پیچھے ہیں اور حکومت ہر قیمت پر دہشت گردی ختم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ دورہ ترکی کے دوران اپنے ہمراہ جانے والے رپورٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے ٹھوس عزم کے ساتھ ان عناصر کو شکست دیں گے جو مختلف محاذوں پر پاکستان کی کامیابی کو ہضم نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہونے کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ ایک سوال پر انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں استحکام کا خواہاں ہے جو ہمارے اپنے مفاد میں ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے واقعات کے باعث ناامید نہ ہوں، انشاءاﷲ ہم اس لعنت کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوں گے۔ وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ اور اقتصادی تعاون کی تنظیم کا سربراہ اجلاس قیاس آرائیوں کے باوجود شیڈول کے مطابق پاکستان میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اڑھائی سال قبل دہشت گرد عناصر کے خلاف سخت کارروائی شروع کی اور بڑی حد تک مطلوبہ نتائج حاصل کئے۔









