ریاض۔2مارچ (اے پی پی):مویشیوں اور نباتی امراض کی روک تھام کے سعودی عرب کے قومی مرکز وقا نے بیرون مملکت سعودی سفارتکاروں کو کہا ہے کہ وہ ان ممالک میں مویشیوں میں پھیلنے والے وبائی امراض کے بارے میں فوری طور پر مطلع کریں۔
اخبار 24 کے مطابق مرکز کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں مختلف ممالک میں سعودی سفارتی مشنز کو کہا گیا ہے کہ سفارتکاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ جن ممالک میں مقیم ہیں وہاں مویشیوں، پولٹری اور نباتات کو لگنے والے وبائی امراض کے متعلق فوری طور پر آگاہ کریں۔ وبائی امرض کے حوالے سے مقامی طور پر ہنگامی صورتحال پیدا ہونے پر وزیر ماحولیات حفاظتی اقدامات کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔
محکمہ کی جانب سے جاری گائیڈ میں مویشی مالکان کو ہدایت دی گئی کہ کسی بھی جانور کو وبائی مرض لگنے کا خدشہ ہونے پر 24 گھنٹوں کے اندر متعلقہ اداروں کو اطلاع کریں۔علاوہ ازیں وقاء مرکز وزارت داخلہ، وزارت بلدیاتی امور، وزارت ہاؤسنگ، ہیلتھ سیکٹر اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے وبا پھیلنے کی صورت میں نگرانی اور روک تھام کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کا پابند ہو گا۔