کراچی۔ 17 مارچ (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کا فائنل (کل) ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ سیزن نائن کا فائنل (کل) پیر کو ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو ہراکر فائنل میں جگہ بنائی ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایلیمنیٹرز میںکوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کو شکست دی۔
پی ایس ایل میںملتان سلطانز کا یہ چوتھا فائنل ہے، وہ 2021کی فاتح ہے جبکہ آخری دو فائنلزمیں اسے لاہور قلندرز نے شکست ہوئی تھی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے دو فائنلز کھیلے ہیں اور دونوں مرتبہ اس نے ٹائٹل اپنے نام کیاہے۔ ملتان سلطانزکو کپتان محمد رضوان،یاسر خان، عثمان خان جیسے بٹرزز کی خدمات حاصل ہیں جبکہ ان کی بولنگ لائن محمدعلی، اسامہ میر اور ڈیوڈ ولی پر مشتمل ہے۔
اسامہ میرپی ایس ایل سیزن نائن میں سب سے زیادہ23وکٹیں لینے والے بولرہیں، محمد رضوان اسوقت بیٹنگ میں382رنز بناکر دوسرے نمبر پرہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈکے پاس الیکس ہیلز، کولن منرو، مارٹن گپٹل ور شاداب خان کی شکل میں تجربہ کار بیٹرز موجودہیں ۔ عماد اور محمد علی نے زلمی کے خلاف جس طرح کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس سے یونائیٹڈ کو بڑی تقویت ملی ہے۔
یونائیٹڈ کی بولنگ میں نسم شاہ 15 وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ان کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میںبھرپور اسپرٹ کے ساتھ کھیلتے ہوئے زبردست پرفارمنس دی ہے۔
ہماری ٹیم تمام شعبوں میں متوازن ہے لیکن ہمیں فائنل میںا اپنی تمام تر صلاحتوسں کو بروئے کار لانا ہوگا اور اگر ایساہوا تو ملتان اور جنوبی پنجاب کے لوگ شاندارنتیجہ دیکھیں گے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے کہ اس نے مشکل حالات میں اعصاب پر قابو پاتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے۔
ہمیں فائنل میں پہنچنے کے لئے پانچ سال انتظار کرنا پڑا ہے لیکن اس ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، مجھے یقین ہے کہ فائنل میں ہمارے کھلاڑی اسی مستقل مزاجی کو برقرار رکھیں گے اورہمیں چیمپیئن بنائیں گے۔