لاہور۔30مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا ،50 اوورز کے اس ٹورنامنٹ میں چھ ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی،ون ڈے ٹورنامنٹ17 اپریل سے شروع اور11 مئی کو اختتام پذیر ہوگا۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق چھ ریجنل ٹیموں میں کراچی ،لاہور ، ملتان ، پشاور ،کوئٹہ اور راولپنڈی شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا جس میں ہر ٹیم کو کم از کم 10 میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔
ترجمان کے مطابق فیصل آباد میں ہونیوالے25 روزہ ٹورنامنٹ میں کل31 میچ کھیلے جائیں گے ،میچ کا آغاز صبح 9;30 بجے ہوا کرے گا۔ترجمان کے مطابق سلیم جعفر کی سربراہی میں خواتین کی چار رکنی قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے چھ اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے، کراچی اور لاہورکی ٹیمیں15 کھلاڑیوں جبکہ بقیہ ٹیمیں14 کھلاڑیوں پر مشتمل ہونگی۔
ان چار ٹیموں کی پندرہویں کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے خلاف اعلان کردہ پاکستان ویمنز کی بیس ممکنہ کھلاڑیوں میں سے منتخب کی جائیں گی ۔ان کھلاڑیوں کو پاکستان ویمنز ٹریننگ کیمپ کے اختتام پر ریلیز کردیا جائے گا، ہر ٹیم پانچ ریزرو کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ اس طرح چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے کل90 کھلاڑی دستیاب اور تیس ریزرو بھی ہونگی۔ویمنز کرکٹ کی ہیڈ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کا پول بڑھا ہے۔
انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ میں مصروف ہوگی اور ویمنز ونگ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ منعقد کررہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے پاس اچھی تعداد میں کھلاڑی دستیاب ہیں جو ویمنز کرکٹ کے روشن مستقبل کا پتہ دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ سے انڈر 19 سمیت ابھرتی ہوئی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔اس حوالے سے چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ڈومیسٹک سیزن کا آخری ایونٹ اور سلیکشن کمیٹی نے ریجنل کوچز سے مشاورت کے بعد اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کا انتخاب گزشتہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے جبکہ کچھ کھلاڑی جو پچھلے ایونٹ میں زخمی ہوئی تھیں اور اب فٹ ہیں ،انہیں بھی شامل کیا گیا ہے۔سلیم جعفر کا مزید کہنا تھاکہ یہ ٹورنامنٹ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور انگلینڈ کے دورے سے قبل سلیکشن کمیٹی کی توجہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔