فیس بک انتظامیہ اور امریکی حکام کی جانب سے معاملہ کی حساسیت کا ادراک نہ کیا جانا افسوسناک ہے، چوہدری نثار علی خان

اسلام آباد ۔ 08 مارچ (اے پی پی) سوشل میڈیا پر جعلی تصویر کے ذریعے ملک کی اعلیٰ عدالتی شخصیت کو متنازعہ بنانے کے معاملہ پر ایف آئی اے کی رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کر دی گئی۔ بدھ کو وزارت داخلہ سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے فیس بک انتظامیہ کی جانب سے مطلوبہ معلومات کی فراہمی سے انکار پر برہمی کا …

اسلام آباد ۔ 08 مارچ (اے پی پی) سوشل میڈیا پر جعلی تصویر کے ذریعے ملک کی اعلیٰ عدالتی شخصیت کو متنازعہ بنانے کے معاملہ پر ایف آئی اے کی رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کر دی گئی۔ بدھ کو وزارت داخلہ سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے فیس بک انتظامیہ کی جانب سے مطلوبہ معلومات کی فراہمی سے انکار پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت امریکہ سے بھی رابطہ کیا گیا مگر ایسے لگتا ہے کہ سوشل میڈیا آزادی اظہار ِرائے کے تحت نہیں آزادی جھوٹ کے تحت کام کر رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ فیس بک انتظامیہ اور امریکی حکام کی جانب سے معاملہ کی حساسیت کا ادراک نہ کیا جانا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی غیر ملکی کمپنی کی پالیسیوں یا آزادی اظہار کی آڑ میں اہم ملکی شخصیات کو متنازعہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی سوشل میڈیا کے ذریعے اس حق کو جھوٹ، بہتان اور کردار کشی کا وسیلہ بننے دیا جا سکتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت داخلہ آئندہ تین روز میں پی ٹی اے کی مشاورت سے سوشل میڈیا کے ذریعے کردار کشی کی روک تھام کے حوالہ سے موثر حکمت عملی وضع کرے۔

Leave a Reply