یوکرین کے فوجی کمانڈر کا روس کے ایک ہزار مربع کلومیٹرعلاقے پر قبضے کا دعویٰ

کیف ۔13اگست (اے پی پی):یوکرین کے فوجی کمانڈر نے ایک ہزار مربع کلومیٹر روسی علاقے پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے، کمانڈر اولیکسینڈر سیرسکی نے کہا کہ یوکرینی فوج نے سات روز قبل کرسک کے علاقے میں شروع کی جانے والی کارروائی کے دوران ایک ہزار مربع کلو میٹر علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق روسی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یوکرینی …

کیف ۔13اگست (اے پی پی):یوکرین کے فوجی کمانڈر نے ایک ہزار مربع کلومیٹر روسی علاقے پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے، کمانڈر اولیکسینڈر سیرسکی نے کہا کہ یوکرینی فوج نے سات روز قبل کرسک کے علاقے میں شروع کی جانے والی کارروائی کے دوران ایک ہزار مربع کلو میٹر علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق روسی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یوکرینی فوج کے 28 سرحدی دیہات پر قبضے کے باعث وہاں سے تقریباً 60 ہزار سے ایک لاکھ 20 ہزار تک مکینوں کا انخلا کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ یوکرینی فوج کے کنٹرول میں روسی سرحدی علاقوں میں اب بھی دو ہزار کے قریب روسی شہری موجود ہیں جن کے بارے میں روسی حکام کے پاس کوئی معلومات نہیں ۔

رپورٹ کے مطابق برطانوی فوجی ذرائع نے اس اندیشے کا اظہار کیا ہے کہ روس اس یوکرینی اقدام سے مشتعل ہو کر یوکرین کی شہری آبادی اور انفراسٹرکچر پر اپنے حملوں کو دگنا کر سکتا ہے۔قبل ازیں یوکرین کے صدر نے ایک خطاب میں کہا تھا کہ روس کا منصوبہ یوکرین کی سرزمین پر جنگ لڑنے کا تھا لیکن ہماری فوج جنگ کو روسی علاقے میں لے گئی ہے۔ یوکرینی حکام کے مطابق اس آپریشن میں یوکرین کے ہزاروں فوجی حصہ لے رہےہیں جو اس وقت روسی علاقے میں موجود ہیں۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ روس کی مسلح افواج کی جانب سے یوکرینی فوج کی روسی سرزمین پر کارروائی پر سخت ردعمل کا مظاہر ہ کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا ۔