لندن/اسلام آباد ۔17اگست (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن(پی آئی اے ) کے سابق جنرل منیجر پبلک افیئرز صلاح الدین صدیقی لندن میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 93 برس تھی۔ وہ 20 مئی 1965 کو پی آئی اے کی کراچی سے قاہرہ کیلئے افتتاحی پرواز کے حادثے میں زندہ بچ جانے والے 6 مسافروں میں سے آخری حیات مسافر تھے۔ وہ 1980 میں پی آئی اے سے جنرل …
پی آئی اے کے 1965 قاہرہ حادثہ میں زندہ بچ جانے والے آخری حیات مسافر سابق جنرل منیجر پبلک افیئرز صلاح الدین صدیقی لندن میں انتقال کر گئے

مزید خبریں
لندن/اسلام آباد ۔17اگست (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن(پی آئی اے ) کے سابق جنرل منیجر پبلک افیئرز صلاح الدین صدیقی لندن میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 93 برس تھی۔ وہ 20 مئی 1965 کو پی آئی اے کی کراچی سے قاہرہ کیلئے افتتاحی پرواز کے حادثے میں زندہ بچ جانے والے 6 مسافروں میں سے آخری حیات مسافر تھے۔ وہ 1980 میں پی آئی اے سے جنرل منیجر پبلک افیئرز کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق صلاح الدین صدیقی طویل عرصے سے لندن میں مقیم تھے۔ صلاح الدین صدیقی نے پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں۔
صلاح الدین صدیقی کو لندن میں سپرد خاک کردیاگیا ،تدفین کے موقع پر ان کے عزیز و اقارب اور احباب کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ یاد رہے کہ 20 مئی 1965 کو پی آئی اے کی کراچی سے لندن کے لیے براستہ ظہران (سعودی عرب ) اور قاہرہ ( مصر ) افتتاحی پرواز پی کے 705 قاہرہ ایئرپورٹ سے 20 کلو میٹر دور گر کر تباہ ہو گئی تھی۔ پرواز میں مسافروں اور عملے سمیت 128 مسافر سوار تھے۔ حادثے میں 122 مسافر اور عملے کے ارکان جاں بحق ہو گئےتھے۔اس المناک حادثہ میں 21 صحافی بھی جاں بحق ہوئے تھے ۔
ان میں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) کے ایڈمنسٹریٹر اے کے قریشی اور نیشنل پریس ٹرسٹ کے چیئرمین میجر جنرل حیا الدین بھی شامل تھے۔ حادثہ میں 6 خوش قسمت مسافر زندہ بچ گئے تھے۔ جن میں پی آئی اے کے سابق جنرل منیجر صلاح الدین صدیقی شامل تھے اور وہ زندہ بچ جانے والے آخری حیات مسافر تھے۔دریں اثناء پی آئی اے ترجمان نے ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے صلاح الدین صدیقی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتےہوئے کہا آج ہم اپنے ایک دیرینہ ساتھی سے محروم ہو گئے۔ قومی ایئرلائن کیلئے صلاح الدین صدیقی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔








