ڈیوائن براوو نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

177
Devine Bravo
Devine Bravo

جمیکا۔27ستمبر (اے پی پی):ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر ڈیوائن براوو نے تینوں فارمیٹس کی بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ 40 سالہ سابق ویسٹ انڈین آل رائونڈر ڈیوائن براوو نے تمام طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی ہے۔5 بار سی پی ایل ٹرافی اٹھانے والے ڈیوائن براوو نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ میرا جسم مزید درد، ٹوٹ پھوٹ اور تناؤ برداشت نہیں کر سکتا اس لیے بھاری دل کے ساتھ باضابطہ طور پر ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہا ہوں۔

ڈیوائن براوو نے ویسٹ انڈیز میں جاری کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل)کے ایڈیشن سے قبل اعلان کیا تھا کہ یہ ان کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا، وہ منگل کو سی پی ایل میچ کے دوران کمر کی انجری میں مبتلا ہوگئے تھے۔ڈیوائن براووآئندہ ماہ میں 41 سال کے ہو جائیں گے، وہ سی پی ایل 2024 کے سیزن میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔واضح رہے کہ ڈیوائن براوو نے 2023 میں انڈین پریمیئر لیگ جبکہ 2021 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔

انہوں نے اپنے ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر میں 164 میچز کھیل کر 2968 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 199 وکٹ بھی حاصل کر رکھی ہیں، اس کے علاوہ ٹی ٹونٹی میچز میں بھی براوو نے 91 میچز کھیل کر 1255 رنز بنائے اور 78 وکٹیں حاصل کیں۔براوو متحدہ عرب امارات کے آئی ایل ٹی 20 کے تیسرے سیزن میں کھیلنے کے خواہشمند تھے، جسے ایم آئی ایمریٹس نے برقرار رکھا تھا، لیکن گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے کمر کی انجری میں مبتلا ہونے کے بعد انہوں نے تمام طرز کی کرکٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ۔